۔1923 ء ترکی سرحدی معاہدے پر اردغان کا متنازعہ تبصرہ

استنبول۔ یکم اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام)صدر ترکی رجب طیب اردغان نے تقریباً ایک صدی قبل طئے پائے معاہدے کے بارے میں ریمارک کے ذریعہ نیا تنازعہ کھڑا کیا ہے ۔اس معاہدے کی بنیاد پر عصری ترکی کی سرحدیں قائم ہیں۔ اُن کے ریمارک پر پڑوسی ملک یونان اور سیکولر اپوزیشن نے تشویش ظاہر کی ہے ۔ اردغان نے پہلی مرتبہ اس دعویٰ کو مسترد کردیا تھا کہ 1923 ء کا یہ معاہدہ کامیابی کی علامت ہے ۔ اس معاہدے کے تحت ایجین جزائر سے محروم ہونا پڑا تھا جو اب ترکی علاقہ میں شامل ہیں۔ اس معاہدہ کو خلافت عثمانیہ کے خاتمہ کے بعد عصری ترکی کے قیام کی بنیاد اور ساتھ ہی ساتھ مصطفی کمال اتا ترک کی سیکولر قیادت کی فتح سمجھا جاتا ہے ۔ اس دوران ترکی میں حکومت نے 20 ٹیلی ویژن اور ریڈیو چینلز پر پابندی کے احکامات جاری کر دیے جن میں ایک بچوں کے پروگرامز نشر کرنے والا چینل بھی شامل ہے۔ ترکی کے سرکاری ادارے ریڈیو اینڈ ٹیلی ویڑن سپریم کونسل کے ایک عہدے دار نے اس بات کی تصدیق کی ۔