۔182 مدارس حکومتی قبضے میں، مزید کیخلاف کارروائی کا امکان

اسلام آباد۔ 9 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) حکومت پاکستان نے سینکڑوں کی تعداد میں کالعدم تنظیموں کے مدارس، مساجد اور طبی سہولیات کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ کالعدم جیشِ محمد اور جماعت الدعوہ سمیت کچھ اور کالعدم تنظیموں کے کارکنوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔وزراتِ داخلہ کے مطابق ایسے مدارس کی تعداد 182ہے جب کہ گرفتار یا حراست میں لیے جانے والے افراد کی تعداد بھی 121ہے اور مزید افراد کی گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔اس کے علاوہ 34 اسکول و کالج، 163 ڈسپنسریاں، 184ایمبولینسیں، پانچ اسپتال اور آٹھ دفاتربھی حکومتی تحویل میں لیے گئے ہیں۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ وہاں ایک حکومتی منتظم ہے، جو ان کی نگرانی کر رہا ہے۔ کئی شہروں میں ڈپٹی کمشنر منتظم کی ذمہ داریاں سنبھال رہا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ مزید مدارس کو حکومتی تحویل میں لے لیا جائے گا۔لاہور، مریدکے، راولپنڈی اور اسلام آباد میں ذرائع کے مطابق ان میں سے زیادہ تر مدارس اور مساجد جماعت الدعوہ کی ہیں جب کی فلاحی اداروں کی ایک بڑی تعداد بھی اسی تنظیم سے یا اس کی ذیلی تنظیم فلاح انسانیت فاونڈیشن کی ہے۔