’یہ میرے اور اللہ کے درمیان کا معاملہ ہے کوئی مداخلت نہ کرے ‘

پاکستان کی مسجد میں عطیات کے ڈبہ سے 50,000 کا سرقہ کرنے والا سارق چٹھی چھوڑگیا
اسلام آباد ۔ /24 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی ایک مسجد میں چندہ جمع کرنے کے ڈبہ سے ایک شخص نے 50,000 روپئے کا سرقہ کرتے ہوئے اس میں ایک چٹھی چھوڑگیا جس میں لکھا ہے کہ یہ اس کے اور اللہ کے درمیان کا معاملہ ہے اور اس میں کوئی دخل اندازی نہ کرے ۔ یہ عجیب و غریب واقعہ کل رات صوبہ پنجاب کے جنوبی ضلع خانیوال کی جامع مسجد صادق المدینہ میں پیش آیا ۔ ایکسپریس ٹریبیون نے خبر دی ہے کہ سارق نے عطیات کے دو ڈبوں کا سرقہ کرلیا جن میں مصلیان چندہ ڈالا کرتے تھے ۔ اس نے دو بیٹریوں کا سرقہ بھی کیا ہے ، اس نے سرقہ کی وجہ بھی بیان کی ہے ۔ مسجد کے امام قاری سعید نے کہا کہ ان ڈبوں میں 50,000 روپئے تھے ۔ سارق نے ان ڈبوں سے رقم نکالنے کے بعد ان میں ایک چٹھی چھوڑ دیا ۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ’’ یہ میرے اور اللہ تعالیٰ کے درمیان کا معاملہ ہے ۔ برائے مہربانی کوئی مجھے ڈھونڈنے کی کوشش نہ کریں ۔ میں انتہائی ضرورتمند شخص ہوں اور چنانچہ اللہ تعالیٰ کے گھر سے سرقہ کررہا ہوں ‘‘ ۔ اس نے مزید لکھا کہ ایک مرتبہ مسجد آیا تھا اور امام سے مدد کی درخواست کی تھی ۔ لیکن انہوں نے اس کو باہر نکال دیا تھا ۔ سارق نے مزید لکھا کہ ’’جب لوگوں نے میری مدد کرنے سے انکار کردیا تو میں اللہ کے گھر سے سرقہ کرنے پر مجبور ہوگیا ہوں ۔ میں نے کسی کے گھر سے کسی چیز کا سرقہ نہیں کیا ہے ۔ میں نے اللہ کے گھر سے چند اشیاء کا سرقہ کیا ہے ۔ یہ میرے اور اللہ کے درمیان کا معاملہ ہے ۔ کسی کو ’’ہمارے‘‘ معاملہ میں دخل اندازی نہیں کرنا چاہئیے ۔ اخباری اطلاع کے بموجب مقامی افراد نے سارق سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے امام مسجد سے درخواست کی کہ وہ اس (سارق) کو معاف کردیں ۔