’’یہ خدا کی کرنی ہے ‘‘کولکتہ بریج انہدام پر کمپنی کا ریمارک

حیدرآباد۔ 31 مارچ (سیاست نیوز) کولکتہ میں زیرتعمیر فلائی اوور کے انہدام پر ایک سینئر عہدیدار نے ریمارک کیا کہ ’’یہ خدا کی کرنی ہے، اس کے سواء کچھ نہیں‘‘۔ آئی وی آر سی آئی کمپنی یہ فلائی اوور تعمیر کررہی ہے اور اس کمپنی سے وابستہ ایک سینئر عہدیدار نے معیار کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ یا کسی تکنیکی خرابی کی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے بارے میں اس کے سواء اور کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ یہ خدا کی کرنی ہے۔ ہم نے 27 سال میں کئی بریجیس تعمیر کئے لیکن آج جو واقعہ پیش آیا، ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔ حیدرآباد میں واقع اس کمپنی کے گروپ ہیڈ ( ایچ آر اینڈ ایڈمنسٹریشن ) کے پانڈو رنگاراؤ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ کمپنی کے دو انجینئرس بھی مقام حادثہ سے لاپتہ ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔ ڈائریکٹر (آپریشنس) اے جی کے مورتی سے جب بریج منہدم ہونے کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے کہا کہ معیار یا تکنیکی خرابی اس کی وجہ نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بریج کی تعمیر کا 70% کام مکمل ہوچکا تھا اور آج 60 واں سلاب ڈالتے وقت یہ منہدم ہوگیا۔