یکم ستمبر کو سرکاری ملازمین کی اجتماعی رخصت

سابقہ پنشن اسکیم کے احیاء پر زور، نئی پنشن اسکیم کی مخالفت
حیدرآباد۔/30اگسٹ، ( سیاست نیوز) ریاست کے سرکاری ملازمین، اساتذہ اور ورکرس کیلئے روبہ عمل لائے جارہے ’’ کانٹریبیوٹری پنشن اسکیم ‘‘ کو ختم کرکے سابقہ پنشن اسکیم کو دوبارہ متعارف کرنے کے مطالبہ پر یکم ستمبر کو ’’ اجتماعی رخصت ‘‘ رکھنے اور کلکٹریٹ کے پاس احتجاج منظم کرنے کا ریاستی اساتذہ کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی جیکٹو (JACTO) نے فیصلہ کیا ۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے جیکٹو قائدین مسرس بھوجنگ راؤ، چنیا، رگھونندن نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ یکم ستمبر کو ایک روزہ اجتماعی رخصت حاصل کرکے احتجاج منظم کرنے کی صدر ٹی آر ٹی ایف لکشما ریڈی، جنرل سکریٹری ریاستی ٹی آر ٹی ایف ملیا نے ریاست تلنگانہ کے تمام اساتذہ سے پرزور اپیل کی۔ اسی دوران اسٹیٹ ٹیچرس پنڈت پریشد ریاست تلنگانہ کے صدر محمد عبداللہ اور جنرل سکریٹری جگدیش نے بھاشا پنڈت ٹیچرس کو اجتماعی رخصت حاصل کرنے اور احتجاج میں سرگرم حصہ لینے کی ضرور ہدایات دی۔ مختلف ٹیچرس یونینوں کے قائدین پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے بتایا کہ جیکٹو کے زیر اہتمام یکم ستمبر کو بوڈ اوپل ایکزبیشن میدان میں منظم کئے جانے والے مہا دھرنا پروگرام میں تمام اساتذہ اور سرکاری ملازمین اور ورکرس سے شرکت کرکے احتجاجی مہا دھرنا پروگرام کو کامیاب بنانے کی پرزور اپیل کی۔ ان قائدین نے سابقہ حکومتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پنشن کے سابقہ طریقہ کار کو ختم کرکے سال 2002 کے بعد تقرر ہونے والے ملازمین، اساتذہ اور ورکرس کیلئے کانٹریبیوٹری پنشن اسکیم حکومت متعارف کرکے سرکاری ملازمین، اساتذہ اور ورکرس کے ساتھ غیر منصفانہ اقدام کیا لہذا اب سابقہ پنشن کے طریقہ کار کو بحال کرنے کا پرزور مطالبہ کیا جارہا ہے۔