یکم جنوری سے کل ہند صنعتی نمائش کا آغاز

77 برس سے صنعتوں کو ایک مقام پر جمع کرنے کا کارنامہ ۔ ای راجندر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔29ڈسمبر(سیاست نیوز) صدر نمائش سوسائٹی و ریاستی وزیر فینانس ایٹالا راجندرا نے بتایا کہ یکم جنوری سے کل ہند صنعتی نمائش 2018 کا آغاز عمل میں آئیگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمودعلی اورمسٹر کڈیم سری ہری کے علاوہ ڈپٹی مئیر بابا فصیح الدین اور دیگر مہمان ِخصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ پریس کانفرنس میں ای راجندر ا نے کہاکہ 1938میں نمائش سوسائٹی کا قیام عمل میں آیا اور 77 برس سے سوسائٹی ہندوستان بھر کی صنعتوں کو ایک مقام پر جمع کرکے ’نمائش ‘ کا اہتمام کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 1956 کمپنی ایکٹ کے تحت سوسائٹی درج رجسٹر ہے جس کا مقصد قومی سطح پر چلائی جارہی چھوٹی صنعتوں ‘ انڈسٹری کو فروغ دینا ہے اور بڑی حد تک اس کام میںکامیابی بھی ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 45دنوں تک جاری رہنے والی اس نمائش میں سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہو ںنے کہاکہ نمائش میں شی ٹیم کے خصوصی دستے تعینات کئے جائینگے جو خواتین و لڑکیوں سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں پر نظر رکھیںگے۔ اس کے علاوہ ایمبولنس اور فائیر انجن سروسیس کا بھی انتظام کیاگیا ہے۔مسٹر راجندرا نے بتایا کہ 1949میں کل ہند صنعتی نمائش کا آزاد ہندوستا ن کے پہلے گورنر جنرل شری راج گوپال چاری نے آغاز کیاتھا اسکے بعد ہر سال ملک وریاست کی معزز شخصیتوں کے ہاتھوں نمائش کا افتتاح عمل میںآتا رہا ہے ۔

ان میں ڈاکٹر راجندر پرساد‘ ڈاکٹر ایس رادھا کرشنن‘ سرحدی گاندھی خان عبدالغفار خان‘ پنڈ ت جواہرلال نہرو‘ ڈاکٹر وی وی گری‘ ڈاکٹر ذاکر حسین‘ ڈاکٹر فخر الدین علی احمد‘ ڈاکٹر این سنجیو ریڈی‘ شریمتی اندرا گاندھی ‘ لال بہادر شاستری ‘ گلزاری لال نندا‘ مرار جی دیسائی ‘ سردار گیانی ذیل سنگھ راجیو گاندھی ‘ ڈاکٹر شنکر دیال شرما‘پی وی نرسمہا رائو کے بشمول مختلف مرکزی وزرا شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس سال 2500 اسٹال قائم کئے گئے ہیں جس میں ریاستی اور مرکزی حکومت کے اسٹالس قائم شامل ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ نمائش کے دوران مختلف پروگرام بھی منعقد کئے جائیں گے ۔ جنوری7کو رنگولی‘ 21جنوری کو پانی کلر پیٹنگ ‘ 28جنوری کو مہندی ڈیزائنگ‘ 3فبروری کو پکوان مقابلے منعقد کئے جائینگے ۔ 5جنوری 2018کو یوم خواتین مقرر کیاگیا ہے اس روز صرف خواتین کا ہی داخلہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اس مرتبہ نمائش کا ٹکٹ30روپئے مقرر کیاگیا ہے ۔ انہوں نے سوسائٹی کے تعلیمی اداروں کی تفصیلات اور طلبا کو دی جانے والی مفت تعلیم اور اسکالرشپ کا تذکرہ کیا ۔کنونیر سوسائٹی محمد ساجد احمد‘ نائب صدر پی نروتم ریڈی‘ جوائنٹ کنونیر ڈاکٹر وی وینکٹیشوار‘ مشیرکے نرنجن‘ اعزا زی سکریٹری ڈاکٹر این وی این چاریلو موجود تھے۔