یکم تا 7 مئی ’ الیکٹریکل سیفٹی ویک ‘

حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) : سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی تلنگانہ برقی بچت کے مقصد سے یکم تا 7 مئی ریاست میں ’الیکٹرسٹی سیفٹی ویک ‘ کا تمام کارپوریٹ دفاتر اور سیکشن آفس پر اہتمام کررہی ہے ۔ اس سلسلہ میں جی راگھوماریڈی صدر نشین و ایم ڈی نے آپریشن سرکلس کے تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرس کو ہدایات دی ہیں کہ سمینار ، ورک شاپس کا اہتمام کرتے ہوئے عوام میں برقی بچت ہفتہ کے تئیں شعور بیداری پیدا کی جائے ۔ انہوں نے ہدایات دی کہ تمام زیر تکمیل کاموں کی یکسوئی کی جائے ۔ برقی بچت ہفتہ کے دوران محکمہ برقی کی جانب سے عوام کو برقی بچت کے متعلق مختلف نکات پر شعور پیدا کیا جائے ۔ عوام کو بتایا جائے گا کہ تعمیرات کے دوران برقی کی بچت اور احتیاط کس طرح کی جائے ۔ خصوص کر کسانوں کو برقی سے احتیاط کے بارے میں شعور پیدا کیا جائے گا ۔ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل نے صارفین اور رضاکارانہ تنظیموں کے ارکان سے خواہش کی ہے کہ وہ اس برقی بچت ہفتہ پروگرام میں حصہ لیں اور محکمہ برقی سے تعاون کریں ۔