یو پی کے معمر ترین رکن اسمبلی مستعفی ‘ راجیہ سبھا کیلئے منتخب

لکھنؤ ۔ 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش اسمبلی کے سب سے معمر ممبر اسمبلی پرمود تیواری جو مسلسل 35 برس سے پرتاب گڑھ ضلع کی رام پور خاص اسمبلی سیٹ سے کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہوتے چلے آرہے تھے، جنہوں نے ایک ہی اسمبلی حلقہ سے تواتر کے ساتھ اپنی جیت کا عالمی ریکارڈ بنا لیا تھا۔ انہوں نے آج بے حد جذباتی انداز میں اسمبلی سکریٹریٹ کے سکریٹری کو اسمبلی سیٹ سے استعفیٰ سونپ دیا کیونکہ پرمود تیواری کانگریس کے راجیہ سبھا کے ممبر قاضی راشد مسعود کی خالی ہوئی راجیہ سبھا کی سیٹ کے ضمنی الیکشن میں بلا مقابلہ منتخب ہوکر راجیہ سبھا کے ممبر بن چکے ہیں۔ پرمود تیواری کی رام پور خاص اسمبلی سیٹ سے ان کی چھوٹی بیٹی کے الیکشن لڑنے کی بات کہی جارہی ہے۔ پرمود تیواری یو پی اسمبلی کے ایک ایسے ممبر تھے جن کو ہر پارٹی کے لیڈر ایوان کے اندر اور باہر بے حد عزت و قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔ ان کا شمار بے حد تیزوطوار جملہ بازی کرنے والے ممبر اسمبلی میں کیا جاتا تھا۔ ان کی جملہ بازی کبھی دلآزاری کرنے والی نہیں ہوتی بلکہ ایوان میں ہمیشہ ہنسی بکھیرنے والی ہوتی تھی۔ پرمود تیواری کی ایون سے غیرحاضری کو تمام ممبران بے حد شدت سے محسوس کرتے تھے۔ پرمود تیواری نے ہمیشہ سیاست، مذہب اور فرقہ سے بالاتر ہوکر کی۔ استعفیٰ دینے کے بعد پرمود تیواری نے بے حد بوجھل انداز میں پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے کہا کہ چار ریاستوں کے اسمبلی انتخابی نتائج سے لوک سبھا کے الیکشن میں کانگریس اور یو پی اے حکومت پر کوئی بہت زیادہ اثر نہیں پڑے گا کیونکہ 2003 اور 2004ء میں بھی ٹھیک اسی طرح کی صورتحال پیدا ہوئی تھی لیکن 2004ء کے عام انتخابات میں کانگریس کی قیادت والی یو پی اے حکومت بنی۔ انہوں نے کہا کہ مظفرنگر سمیت مغربی یو پی میں جو کچھ ہوا وہ بے حد افسوسناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعات نریندر مودی کو سیاست میں آگے کرنے کی بناء پر پیش آئے۔