یو پی میں بی جے پی کی رکنیت سازی مہم، 50 لاکھ کا نشانہ

لکھنو ۔ 31 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بی جے پی نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس نے اترپردیش میں مزید 50 لاکھ افراد کو پارٹی کی رکنیت دینے کا نشانہ مقرر کیا ہے ۔ رکنیت سازی کی مہم کا کل سے آغاز ہورہا ہے ۔ دریں اثناء بی جے پی کے ریاستی صدر لکشمی کانت باجپائی نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے رکنیت سازی مہم کے دوران 50 لاکھ نئے رکن بنانے کا جو نشانہ مقرر کیا ہے ۔ اس میں خواتین اور نوجوانوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ رکنیت سازی مہم کا دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر بی جے پی امیت شاہ کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آئے گا جب کہ یو پی میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ رکنیت سازی مہم کا افتتاح کریں گے ۔ مسٹر باجپائی نے مزید کہا کہ مہم کی افتتاح کے موقع پر بی جے پی کے تمام ایم پیز اور ایم ایل ایز موجود رہیں گے جو گاؤں گاؤں جاکر رکنیت سازی کی مہم چلائیں گے جس کے لیے معزز اور مشہور ہستیوں کا تعاون بھی حاصل کیا جائے گا ۔ رکنیت سازی کی مہم کا سلسلہ آئندہ سال 31 مارچ تک جاری رہے گا ۔۔