یو پی میں بی جے پی ایک نشست پر سمٹ جائے گی :اکھلیش

لکھنؤ۔ 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے دعوی کیا ہے کہ لوک سبھا انتخاب میں بی جے پی اترپردیش میں محض ایک سیٹ پر سمٹ جائے گی جبکہ دیگر سیٹوں پر اتحاد کے امیدوار ہی جیت کا جشن منائیں گے ۔نشاد پارٹی اور جنوادی پارٹی سوشلسٹ کو اتحاد میں شامل کرنے کے بعد منعقد پریس کانفرنس میں مسٹر یادو نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت نے عوام سے جو وعدے کئے تھے اس کو پورا کرنے کے بجائے اس کے عین مخالف کام کیا ہے ۔ گذشتہ انتخاب میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ہر غریب کے کھاتے میں 15۔15 لاکھ روپئے ڈالنے کا وعدہ کیا تھا جبکہ نوٹ بندی کے ذریعہ انہوں نے غریبوں کے کھاتے میں موجود پیسے بھی نکلوا دئے ۔ اسی طرح انہوں نے دو کروڑ روزگار دینے کا وعدہ کیا مگر جی ایس ٹی اور نوٹ بندی نے کروڑوں افراد کو نوکریوں سے نکال دیا۔انہوں نے کہا کہ وعدہ خلافی کرنے والی بی جے پی ریاست میں 74 سیٹیں جیتنے کا خواب دیکھ رہی ہے جبکہ عوام اس کو وداع کرنے کے لئے ووٹنگ کے دن کا بے صبری سے انتظار کرر ہے ہیں۔ اترپردیش میں بی جے پی کو ایک سیٹ کے علاوہ ہر جگہ شکست یقینی ہے ۔ اب یہ بی جے پی کو دیکھنا ہے کہ وہ ایک سیٹ کون سی ہوگی جس پر بی جے پی کو جیت نصیب ہوگی۔ ریاست میں ایس پی۔بی ایس پی۔ آر ایل ڈی۔ نشاد پارٹی اور جنوادی پارٹی سوشلسٹ کا جو اتحاد تیا ر ہوا ہے اس کے بعد بی جے پی کو اب کھاتہ کھولنے کی فکر ستانے لگی ہے ۔