یو پی اسمبلی میں دو ارکان نے شرٹ اتار دیا

لکھنؤ۔ 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش اسمبلی سیشن کا آج ہنگامہ خیز آغاز ہوا اور ارکان اسمبلی نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی جبکہ دو ارکان نے مختلف مسائل پر احتجاج کرتے ہوئے اپنا شرٹ اتار دیا۔ گورنر بی ایل جوشی نے جیسے ہی دونوں ایوان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب شروع کیا، ارکان کی ہنگامہ آرائی کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔ اسمبلی سیشن عبوری بجٹ 2014-15ء کی منظوری کیلئے طلب کیا گیا تھا۔

بی ایس پی ارکان ان کی بنچس پر کھڑے ہوگئے اور وہ بیانر، پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے۔ لا اینڈ آرڈر کی صورتحال سے لیکر کسانوں کی حالت زار جیسے موضوعات اٹھاتے ہوئے انہوں نے حکومت کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔ راشٹریہ لوک دل کے دو ارکان اسمبلی ویرپل اور سدیش شرما نے مغربی اترپردیش کے نیشکر کے کسانوں کو بقایا جات ادا نہ کرنے کے خلاف بطور احتجاج اپنا کرتا اتار دیا۔ انہوں نے حکومت کو مخالف کسان قرار دیا اور شدید تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔

کجریوال سے ہائیکورٹ کی جواب طلبی
نئی دہلی 19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائی کورٹ نے آج سابق چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال سے کانگریسی رکن پارلیمنٹ کی ایک درخواست پر جس میں ازالۂ حیثیت عرفی کیلئے ایک کروڑ روپئے ہرجانہ طلب کیا گیا ہے اور ادعا کیا گیا ہے کہ اُنھوں نے کانگریسی رکن پارلیمنٹ کی توہین کی ہے۔ جسٹس اے کے پاٹھک نے ہدایت دی کہ مدعی علیہ کو نوٹس جاری کی جائے اور مقدمہ سے متعلق اصل دستاویزات اندرون 4 ہفتے عدالت میں داخل کردی جائیں۔ اُنھوں نے آئندہ سماعت 6 مئی کو مقرر کی ہے۔ فریدآباد کے رکن پارلیمنٹ اوتار سنگھ بھدانا کی درخواست پر یہ کارروائی کی گئی ہے۔