یو اے ای کا کم ترین اسکور، ہندوستان یکطرفہ مقابلے میں کامیاب

پرتھ۔28فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) کرکٹ کے 11 ویں ورلڈ کپ میں ہفتہ کو گروپ بی کے ایک میچ میں ہندوستانے متحدہ عرب امارات کو یکطرفہ مقابلے میں 9 وکٹ سے شکست دے کر کے ورلڈ کپ میں لگاتار تیسری کامیابی حاصل کر لی ہے۔متحدہ عرب امارات نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا اور پوری ٹیم 102 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے شیمان انور کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین ہندوستانی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکا، انہوں نے 35 رنز بنائے۔امارات کے آٹھ بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکے۔ہندوستان کی جانب سے روی چندرہ ایشون چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ امیش یادو اور رویندرا جدیجا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں ہندوستانی ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر باآسانی ہدف تک رسائی حاصل کر لی، روہت شرما نے 57 اور ویراٹ کوہلی 33 نے رنز بنائے۔اشون کو چار وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ہندوستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے واحد ہندوستانی بیٹسمین شیکھر دھون تھے جنھیں محمد نوید کی گیند پر روہن مصطفیٰ نے کیچ کیا۔ان کے جانے کے بعد روہت اور کوہلی نے عمدہ بیٹنگکی اور 50 سے زیادہ رنز کی شراکت قائم کی۔اس سے قبل یو اے ای نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 32 ویں اوور میں 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔یہ اس ٹورنامنٹ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے بنایا جانے والا اب تک کا سب سے کم ترین سکور ہے۔