یو اے ای سے واپس 3 نوجوان گرفتار، این آئی اے کارروائی

نئی دہلی ، 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آئی ایس آئی ایس کے تین ہندوستانی بہی خواہوں کو جنھیں یو اے ای نے ہندوستان اور بعض دیگر ممالک میں دہشت گردانہ حملہ انجام دینے کے مبینہ مشن پر ہونے کی پاداش میں ملک بدر کردیا تھا، آج رات این آئی اے کی جانب سے گرفتار کرلئے گئے۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ عدنان حسین متوطن کرناٹک، محمد فرحان (مہاراشٹرا) اور شیخ اظہر الاسلام (جموں و کشمیر) کو قومی تحقیقاتی ادارہ نے یہاں ایک کیس درج رجسٹر کرنے کے بعد گرفتار کیا ہے۔ یہ تینوں یو اے ای سے ملک بدر کئے گئے تھے اور انھیں کل شب آئی جی آئی ایئرپورٹ پر اُن کی آمد پر این آئی اے نے محروس کرلیا تھا۔ انھیں کل ہفتہ کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ یہ تینوں نوجوان آئی ایس آئی ایس کی ابوظہبی شاخ کے ارکان سمجھے جاتے ہیں۔ یہ مشتبہ ملزمین دیگر نامعلوم معاونین کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر ہندوستان اور بیرون ہند دہشت گرد حملوں کیلئے نوجوانوں کو تیار کررہے تھے۔