یوگیندر اور پرشانت بحیثیت عاپ ترجمان برطرف

نئی دہلی ۔ 31 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ
کام) عام آدمی پارٹی نے آج رات ناراض لیڈر یوگیندر یادو کو چیف ترجمان کی حیثیت سے برطرف کردیا۔ اس کے علاوہ باغی قائدین پرشانت بھوشن ، آنند کمار کو بھی ترجمان کی حیثیت سے ہٹادیا گیا۔ پارٹی نے نئے 20 رکنی پیانل کا اعلان کیا جو اروند کجریوال کے وفاداروں پر مشتمل ہے۔ یہی پیانل میڈیا سے ربط قائم رکھے گا۔ انتخابی مہم کے دوران پیش پیش رہنے والے پارٹی ترجمان اتشی مرلینا کو بھی ہٹادیا گیا ہے ۔ یوگیندر یادو ، پرشانت بھوشن اور آنند کمار کی ایسے وقت برطرفی عمل میں آئی جبکہ 4 دن قبل انہیں پارٹی کے قومی کونسل اجلاس میں بحیثیت قومی ارکان عاملہ برطرف کیا گیا تھا ۔ ان تمام پر مخالف پارٹی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے ۔ بھوشن کو پارٹی تادیبی کمیٹی سربراہ کی حیثیت سے اتوار کو برطرف کیا گیا۔ عام آدمی پارٹی ترجمان کے نئے پیانل کے سنجے سنگھ ، کمار وشواس ، الیاس اعظمی اور پنکج گپتا کے علاوہ اشوتوش اور اشیش کھیتن شامل ہیں۔ یہ تمام کجریوال کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔ سینئر ایڈوکیٹ ایچ ایس پھولکا اور راہول مہرا بھی میڈیا سے بات چیت کریں گے۔ پارٹی نے راگھو چڈھا کو پیانل میں برقرار رکھا ہے ۔ ریاستوں میں بھی پار ٹی ترجمان کی تبدیلی عمل میں لائی گئی۔

اروند کجریوال کی ایما پر ہی کروڑہا روپئے کی پیشکش
ارون جیٹلی کے دفتر سے 10 کروڑ دینے کا فون کال فرضی تھا:راجیش گارگ
نئی دہلی 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )عام آدمی پارٹی کے سابق رکن اسمبلی راجیش گارگ جنہیں پارٹی نے حال ہی میں معطل کردیا ہے آج الزام عائد کیا کہ بی جے پی کی حمایت کرنے کیلئے انہیں اور دیگر پارٹی قائدین کو کروڑہا روپئے دینے کی پیشکش والے فون کالس دراصل اروند کجریوال کی ’’ایماء‘‘ پر کئے گئے تھے ۔ انہیں پھانسنے کیلئے ایسا کیاگیا تھا۔ گارگ نے دعوی کیا کہ پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا ۔ ان کی شکایت میں یہ شخص پولیس حراست میں تھا ۔ انہوں نے پولیس سے کہا تھا کہ مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی کے دفتر سے مجھے 10 کروڑ روپئے دینے کی پیشکش کی گئی تھی تا کہ میں بی جے پی کی حمایت کروں۔ اس شخص کو پولیس نے عام آدمی پارٹی کی مداخلت پر رہا کردیا ۔ راجیش گارگ نے کہا کہ دہلی میں حکومت سازی کے پہلے مرحلے کے دوران بھی مجھے بعض افراد کی جانب سے فون کالس آناشروع ہوگئے تھے فون کرنے والوں کا دعوی تھا کہ وہ ارون جیٹلی کے دفتر سے بول رہے ہیں اور وہ بی جے پی کی حمایت کرنے پر 10 کروڑ روپئے دینے کی پیشکش کرتے ہیں۔ میںنے آنے والے فون نمبر کی جانچ کروائی اور پولیس میںشکایت درج کردی جس کے بعد ایک شخص گرفتار کرلیا گیا ۔ مجھے سنجے سنگھ نے فون کیا اور شکایت واپس لینے کی خواہش کی لیکن میںنے اپنی شکایت واپس نہیں لی البتہ وہ لوگ اس شخص کو رہا کرانے میںکامیاب ہوگئے ۔ گارگ نے مزید کہا کہ حکومت بنانے کے عمل کے دوران آنے والی تمام کالس دراصل عام آدمی پارٹی کے سربراہ کجریوال کی ایماء پر کئے گئے تھے یہ تمام کالس خانگی اور نامعلوم نمبرات سے کئے گئے تھے ۔ روہتی حلقہ اسمبلی سے تعلق رکھنے والے سابق رکن اسمبلی نے دعوی کیا کہ ان ہی طرح عام آدمی پارٹی کے دیگر کئی ارکان اسمبلی نے بھی ارون جیٹلی کے دفتر سے کالس آنے کی شکایت کی ہے ۔

چیف منسٹر دہلی کجریوال کے خلاف مقدمہ
مظفرپور۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بہار کی ایک عدالت نے شکایت پر چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے عام آدمی پارٹی کی قومی عاملہ کی کمیٹی سے دونوں قائدین کو اہانت انگیز انداز میں برطرف کردیا ہے۔ یہ شکایت مظفر پور ضلع کے راجیش چند شرما نے چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ وید پرکاش سنگھ کی عدالت میں داخل کی ہے۔ شرما نے کہا کہ اس نے کجریوال کے خلاف ایک درخواست دی ہے کیونکہ انہوں پرشانت بھوشن، یوگیندر یادو، آنند کمار اور اجیت چھا کی توہین انداز میں برطرف کرنے پر صدمہ پہنچا ہے۔