یوکرین میں 16 تا 60 سال کے روسی شہریوں کے داخلہ پر جزوی پابندی

کیف ۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) یوکرین نے جمعہ کے روز اپنے قوانین میں سختی پیدا کرتے ہوئے ملک میں 16 تا 60 سال کے روسی شہریوں کے داخلہ پر پابندی عائد کردی۔ یہ پابندی دراصل اس واقعہ کا ردعمل سمجھی جارہی ہے جب سمندر میں ہوئے ایک ٹکراؤ کے دوران گذشتہ ہفتہ روس نے یوکرین کے بحری جہاز ضبط کرلئے تھے۔ یوکرین کی بارڈر سرویس نے یہ اطلاع دی۔ یاد رہیکہ جہازوں کی ضبطی کے بعد یوکرین نے سرحدی علاقوں میں مارشل لاء کا نفاذ کیا ہے۔ بارڈر سرویس کے سربراہ پٹروسائیکال نے صدر یوکرین پٹرو پوروشینکو سے ملاقات کے بعد ایک نشریاتی بیان میں کہا کہ موجودہ صورتحال کے مطابق یہاں غیرملکیوں کے داخلہ پر پابندی عائد کی گئی ہے خصوصی طور پر 16 تا 60 سال کے درمیان کی عمر والے روسی شہریوں کے داخلہ پر سخت پابندی عائد ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ مکمل امتناع عائد کیا گیا ہے بلکہ اسے محدود کردیا گیا ہے۔ ایسے معاملات جن کا تعلق ’’انسانی بنیادوں‘‘ سے ہے، اس صورت میں داخلہ کی اجازت رہے گی۔ یاد رہیکہ یوکرین نے دس خطوں میں 30 دنوں کیلئے مارشل لاء نافذ کیا ہے جو روسی سرحدوں سے قریب ہے۔ یاد رہیکہ روس نے یوکرین کے بحری جہازوں کو ضبط کرنے کے علاوہ 24 یوکرینی ملاحوں کو بھی محروس کیا ہے۔