یونیورسٹی میں علم و معلومات کیساتھ اختراعات پر توجہ کی ضرورت

اختراعات کے بغیر زندگی بوجھ کے مماثل ، تعلیمی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے وزیراعظم مودی کا خطاب
نئی دہلی۔ 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے خواندگی پر کردار سازی کی اہمیت کو اجاگر کیا اور ملک میں مجموعی تعلیم کی ضرورت پر زور دیا۔ وہ آج یہاں وزارت فروغ انسانی وسائل کے زیراہتمام ’’تعلیمی نشاۃ ثانیہ میں علمی قیادت کے زیرعنوان کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ مودی نے کہا کہ ’’علم و معلومات محض کتابوں تک محدود نہیں ہیں۔ تعلیم کا مقصد ہر انسانی زاویہ ہے۔ متوازن فروغ و ترقی کو یقینی بنانا ہے جو اختراع کے بغیر ممکن نہیں ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’امبیڈکر، دین دیال اپادھیائے اور رام منوہر لوہیا نے ہمیشہ ہی خواندگی پر کردار سازی کی اہمیت کی اجاگر کیا۔ سوامی ویویکانند نے ہمیں ایک انسان بننے کیلئے جامع و مجموعی تعلیم پر زور دیا۔ وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ اختراع کے بغیر زندگی بوجھ بن جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اختراع انتہائی ضروری ہے کیونکہ اس کے بغیر زندگی ایک بوجھ محسوس ہوتی ہے۔ تکشیلہ، نالندہ اور وکرما شیلہ جیسی ہماری قدیم یونیورسٹیوں میں علم و معلومات کے ساتھ اختراع پر بھی خصوصیت کے ساتھ توجہ مرکوز کی جاتی تھی‘‘۔ مودی نے کہا کہ ’’میں اس بات پر اصرار کرتا ہوں کہ طلبہ کو کالجوں اور یونیورسٹی کلاسیس میں علم و معلومات کا درس دیا جانا چاہئے۔ اس کے ساتھ ملک کے لئے اُمنگوں کا اضافہ بھی کیا جانا چاہئے۔ ادارۂ جات کو ایک دوسرے بین مربوط کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ ’’کوئی بھی ملک یا شخص سب سے الگ تھلک یک و تنہا رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری یونیورسٹیوں اور کالجوں کو چاہئے کہ ہمیں درپیش چیلنجوں کا حل تلاش کریں۔