یونانی کیلئے 100 میڈیکل آفیسر جائدادیں مختص کرنے کا مطالبہ

ڈاکٹر اے اے خاں صدر یو ایم او اور ڈاکٹر محمد سلیم صدر تلنگانہ ایم او اے کا بیان
حیدرآباد /30 اگست (فیکس) ڈاکٹر اے اے خان صدر یونانی میڈیکل آرگنائزیشن (یو ایم او) اور ڈاکٹر محمد سلیم صدر تلنگانہ یونانی میڈیکل آفیسرز اسوسی ایشن نے ایک مشترکہ صحافتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہیلتھ مشن راشٹریہ بال سوستھیہ کاریہ کرم (آر بی ایس کے) کے تحت میڈیکل آفیسرز اور نیم طبی عملہ کی جائدادوں پر تقررات کے لئے ڈی ایم اینڈ ایچ او محبوب نگر کی جانب سے اعلامیہ اور گائیڈ لائنس جاری کردیئے گئے ہیں۔ محبوب نگر ضلع کے سرکاری ویب سائٹ http://mahabubnagar.nic.in سے گائیڈ لائنس اور درخواست کا نمونہ ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔ آیوش میڈیکل آفیسرز کی 38 جائدادیں اور ایلوپیتھی میڈیکل آفیسرز کی 38 جائدادیں مختص کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں فارماسسٹ کی 38 جائدادیں، اے این ایم کی 38 جائدادوں پر تقررات عمل میں آئیں گے، لیکن اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی ہے کہ آیوش میڈیکل آفیسرز کی جائدادوں میں یونانی، آیورویدک، ہومیو اور نیچروپیتھی کے لئے کتنی کتنی جائدادیں ہوں گی اور نہ ہی یونانی فارماسسٹ کی جائدادوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ خانہ پُری کے بعد درخواست متعلقہ ڈی ایم اینڈ ایچ او کے دفتر میں 16 ستمبر کو شام پانچ بجے سے پہلے داخل کرنا ہوگا۔ میڈیکل آفیسر کی جائداد کے لئے 500 روپئے کا ڈیمانڈ ڈرافٹ اور نیم طبی جائدادوں کے لئے 300 روپئے کا ڈیمانڈ ڈرافٹ درخواست فارمس کے ساتھ داخل کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر احمد شفیع مشتاق اسوسی ایٹ صدر اور ڈاکٹر ایم ایل اے صدیقی خازن نے بتایا کہ اسی طرح ہر ضلع کے ڈی ایم اینڈ ایچ او کی جانب سے اعلامیہ جاری ہوگا۔ تقررات میں تاخیر کی وجہ سے سرکاری ملازمت کے خواہش مند امیدواروں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔ ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر اے اے خان صدر یونانی میڈیکل آرگنائزیشن (یو ایم او) اور ڈاکٹر محمد سلیم نے حکومت تلنگانہ کے پرنسپال سکریٹری ہیلتھ میڈیکل اینڈ فیملی ویلفیر، ڈسٹرکٹ سلیکشن کمیٹی، متعلقہ ضلع کلکٹرس اور ڈی ایم اینڈ ایچ او سے مطالبہ کیا ہے کہ تلنگانہ میں 300 آیوش میڈیکل آفیسرز کی جائدادوں میں سے یونانی کے لئے کم سے کم 100 جائدادیں مختص کی جائیں اور اسی کے ساتھ یونانی فارماسسٹ کی جائدادوں کی بھی منظوری دی جائیں تو انصاف ہوگا۔ مزید تفصیلات کے لئے فون نمبر 9848261962 کے علاوہ متعلقہ ضلع کلکٹر اور ڈی ایم اینڈ ایچ او کے دفتر سے ربط پیدا کریں، تاکہ درخواست داخل کرنے میں آسانی ہو۔ اس کے لئے ضلع نلگنڈہ کے سرکاری ویب سائٹ http://nalgonda.nic.in کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ نلگنڈہ میں درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 14 ستمبر ہے۔ امیدوار ایک سے زائد ضلع میں بھی درخواست داخل کرسکتے ہیں۔ جس مقام پر امیدوار کی تعلیم چہارم جماعت سے دسویں جماعت تک ہوئی ہو، وہ ان کا لوکل ضلع کہلائے گا، جب کہ دیگر اضلاع میں وہ نان لوکل کہلائیں گے۔