یوم تاسیس تلنگانہ کے بہتر انتظامات کی ہدایت

اعلی عہدیداروں کے ساتھ چیف سکریٹری کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔9مئی (سیاست نیوز) یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر شہر کے علاوہ ریاست کے اضلاع میں تاریخی عمارتوں کو روشنیوں سے منور کیا جائے اور ریاست بھر میں یوم تاسیس تلنگانہ کے انعقاد کے بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔ چیف سیکریٹری مسٹر ایس کے جوشی نے 2جون کو یوم تاسیس تلنگانہ پروگرام کے سلسلہ میں عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرلے انہیں ہدایات جاری کی اور کہا کہ تلنگانہ یوم تاسیس کے موقع پر پریڈ گراؤنڈ میں پریڈ کے سلسلہ میں انتظامات کو بہتر بنایا جائے اس خصوص میں اس با ت کا خیال رکھا جائے کہ یوم تاسیس میں شرکت کرنے والوں کو کوئی پریشانی نہ ہوں اور ان کیلئے موبائیل بیت الخلاء کی تنصیب کے علاوہ پارکنگ کی سہولت کے انتظامات کئے جائیں۔ اجلاس میں پرنسپل سیکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار دانا کشور کمشنر جی ایچ ایم سی ‘ مسز تیج دیپ کور مینن‘ پارتا سارتھی ‘ انجنی کمار کمشنر سٹی پولیس کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ مسٹر جوشی نے کہاکہ پریڈ گراؤنڈ کے اطراف ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے ‘ اہم شخصیتوں کی آمد و رفت وغیرہ کا جائزہ لیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ شہریوں کو کوئی دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہو ںنے کلکٹر حیدرآباد اور کمشنر مجلس حیدرآباد کو ہدایت دی کہ سیکریٹریٹ ‘ اسمبلی ‘ چارمینار‘ مکہ مسجد ‘ ہائی کورٹ کے علاوہ شہر حیدرآباد میں موجود تاریخی عمارتوں کو خصوصی روشنیوں سے مزین کیا جائے اور شہر میں جشن کا ماحول پیدا کرنے اقدامات کئے جائیں۔