یوم تاسیس تقاریب کیلئے سخت سکیوریٹی انتظامات

حیدرآباد 31 مئی ( پی ٹی آئی ) ایک ہفتہ طویل یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب سے قبل ‘ جن کا 2 جون کو آغاز ہونے والا ہے ‘ سینئر پولیس عہدیداروں نے آج پریڈ گراونڈ سکندرآباد پر انتظامات کا جائزہ لیا ۔ 2 جون کو صبح 9.30 بجے پریڈ گراونڈ پر یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب منعقد ہونے والی ہیں۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر انوراگ شرما نے دوسرے سینئر پولیس عہدیداروں کے ساتھ پریڈ گراونڈ پہونچ کر سکیوریٹی انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ سٹی پولیس کمشنر مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے کہا کہ پریڈ گراونڈ پر تقاریب کے کامیاب انعقاد کیلئے 3,000 ملازمین پولیس کو متعین کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انسداد سبوتاج ٹیموں کو بھی متعین کردیا گیا ہے اور یہ سب سکیوریٹی انتظامات کا حصہ ہے ۔ مختلف فنکاروں کی جانب سے بھی تلنگانہ یوم تاسیس تقاریب میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کیلئے زبردست سرگرمیاں جاری ہیں۔