یوراج کا سبکدوشی کا ہنوز کوئی ارادہ نہیں

ممبئی ۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر آل راونڈر یوراج سنگھ کے کریئر کا موضوع گذشتہ چند برسوں سے سرخیوں میں رہا ہے اور آئی پی ایل 2019ء کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی کے ابتدائی مرحلہ میں کسی بھی ٹیم نے ان پر اعتماد ظاہر نہیں کیا لیکن آخری وقت میں ممبئی انڈینس نے انہیں اپنی صف میں جگہ دی اور اس فیصلہ کو یوراج نے دہلی کے خلاف کھیلے گئے رواں سیزن کے پہلے مقابلہ میں کسی قدر صحیح ثابت کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی۔ ہندوستان کیلئے 2007ء ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ اور 2011ء ونڈے ورلڈ کپ کے ہیرو یوراج سنگھ نے واضح کردیا ہیکہ جس وقت وہ محسوس کریں گے کہ ان کے سبکدوش ہونے کا وقت آ گیا ہے تو سب سے پہلے وہی ہوں گے جو یہ فیصلہ کریں گے۔ 37 سالہ یوراج سنگھ نے واضح کیا ہیکہ وہ کرکٹ سے اس وقت بھی ایسے ہی لطف اندوز ہورہے ہیں جیسے کبھی وہ انڈر 16 کے مقابلوں کے دوران ہوتے تھے۔ یوراج سنگھ نے کہا ہیکہ جس وقت سچن تنڈولکر37 ، 38 اور 39 برس کی عمر میں کرکٹ کھیل رہے تھے اس وقت وہ سابق ماسٹر بلاسٹر سے تبادلہ خیال کرتے تھے جس کا انہیں اب فائدہ ہورہا ہے۔ سبکدوشی پر واضح الفاظ میں یوراج نے کہا کہ وہ اس وقت کرکٹ سے لطف اندوز ہورہے ہیں لہٰذا سبکدوشی کا ہنوز کوئی ارادہ نہیں۔ یاد رہے یوراج سنگھ نے سیزن کا کامیاب آغاز کرتے ہوئے سلیکٹروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی ہے کیونکہ انگلینڈ میں ماہ مئی میں منعقد شدنی ورلڈ کپ اور ہندوستان کے نمبر 4 پر بیٹنگ کے مسائل پر ایک بحث چل رہی ہے اور اگر یوراج سنگھ آئی پی ایل 2019ء میں رنز بنانے میں کامیاب ہوتے ہیں تو پھر ان کی ٹیم میں واپسی کا امکان بھی موجود ہے۔