یوتھ آف انڈیا سوسائٹی کا قیام

حیدرآباد 29 نومبر (سیاست نیوز) ملک کو کئی اہم چیالنجس کا سامنا ہے۔ ان چیالنجس کا سامنا کرنے اور ملک کو رشوت اور مذہبی سیاست سے پاک قیادت کی فراہمی کی غرض سے نوجوانوں نے سیاسی میدان میں آگے بڑھتے ہوئے پارلیمنٹ اور اسمبلی میں نمائندگی کرتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی کے جذبہ سے ’’یوتھ آف انڈیا‘‘ سوسائٹی کا قیام عمل میں لایا ہے اور عنقریب نوجوانوں کی جانب سے قومی سطح کی ایک جدید سیاسی پارٹی کا اعلان کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار آج یہاں کنوینر یوتھ انڈیا سوسائٹی مسٹر ایم وکاس کمار، نائب کنوینر مسٹر یاش یادو نے ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے بتایا کہ آج ہندوستان کی حالت انتہائی دگرگوں ہے جہاں پر سیاسی افراتفری اور سیاسی قائدین کی عدم دلچسپی کے نتیجہ میں ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود میں کئی رکاوٹیں حائل ہورہی ہیں اور مرکزی اور ریاستی سطحوں پر حکومت کی جانب سے ملک کی ترقی کو پس پشت ڈالا جارہا ہے اور سیاسی میدان میں نوجوان طبقہ کو نظرانداز کیا جارہا ہے اور تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں حکومتیں بالکلیہ ناکام ہوگئی ہیں اور عوام کو درپیش مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔