یمن میں پھنسے 500 پاکستانی شہری ملک واپس

کراچی ؍ بیجنگ 30۔ مار چ(سیاست ڈاٹ کام )پاکستان انٹرنیشنل ایر لائنس (پی آئی اے ) کے طیارے کے ذریعہ یمن سے 502 مسافرین آج کراچی واپس پہنچے ۔ اس طرح پریشان حال خاندانوں کی غیر یقینی کیفیت ختم ہوئی ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے یمن کی ابتر صورتحال کے پیش نظر 3000 سے زائد پاکستانی شہریوں کو واپس لانے کی ہدایت دی تھی۔ پہلا بوئنگ 747 جمبو طیارہ کل روانہ ہوا اور یمن کے حدیدہ سٹی میں اس نے لینڈنگ کی ۔ تقریبا 600 پاکستانیوں کو صنعا سے ذریعہ سڑک یہاں لایا گیا تھا ۔ وزیر اعظم پرویز راشد اور دیگر نے ایر پورٹ پر ان مسافرین کا خیر مقدم کیا ۔ اس دوران چین نے انسداد قزاقی کیلئے تعینات جنگی جہازوں کے ذریعہ یمن میں پھنسے اپنے شہریوں کو واپس لانا شروع کردیا ہے۔ چین نے پہلے ہی 120 شہریوں کو جبوتی منتقل کردیا ۔ وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان نے بتایا کہ جبوتی میں چین کے سفارتخانہ کی جانب سے اپنے شہریوں کی واپسی کو یقینی بنانے کیلئے ممکنہ مدد کی جارہی ہے۔ حکومت چین نے کل خلیج عدن اور صومالی آبی حدود میں موجود بحری جہازوں کو یہ ہدایت دی ہیکہ وہ شہریوں کے تخلیہ میں مدد کریں۔