یمن میں مخالف حوتی بم دھماکہ میں ہلاکتوں کی تعداد 49 ہوگئی

صنعا۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیم فوجی تنظیم کے حامیوں پر وسطی یمن میں مذہبی تقریب کے دوران خودکش بم حملہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 49 ہوگئی۔ طبی ذرائع کے بموجب 49 افراد ہلاک اور 70 زخمی ہوگئے جبکہ ایک خاتون کے لباس میں ملبوس خودکش بم بردار نے شہر عب میں خودکش بم حملہ کیا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے بموجب ہلاکتوں کی تعداد 33 اور زخمیوں کی بے شمار ظاہر کی گئی تھی۔ یمن میں علی عبداللہ صالح کی 2012ء میں اقتدار سے بیدخلی کے بعد عدم استحکام کا دور دورہ شروع ہوچکا ہے۔ کل کے حملہ میں زخمی ہونے والے افراد میں گورنر عب یحییٰ الاریانی بھی شامل ہیں جو حوتی زیراہتمام میلادالنبی ؐ کے جلسہ میں شرکت کررہے تھے۔ فوج کے بموجب خودکش بم بردار خواتین کے سیاہ عبایہ اور چہرے کے نقاب میں ملبوس تھا اور اس نے اپنے خودکش کمربند کو دھماکہ سے اڑا دیا۔