یمنی فوج کی عدن میں القاعدہ کیخلاف پیش قدمی

سنٹرل جیل اور القاعدہ کے زیر قبضہ شہر کے علاقے پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا
عدن۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) یمنی فوج جنوبی شہر عدن میں القاعدہ کے جنگجوؤں کے خلاف کارروائی کررہی ہے اور اس نے مقامی مسلح رضاکاروں کی مدد سے القاعدہ کے زیر قبضہ شہر کے بعض حصوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔یمنی حکام کے مطابق صدر عبد ربہ منصور ہادی کی وفادار فورسز نے عدن کے علاقے منصورہ میں تین روز کی لڑائی کے بعد سنٹرل جیل ،اس کے آس پاس واقع عمارتوں اورآبادیوں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ یمنی فورسز نے القاعدہ کے متعدد جنگجوؤں کو گرفتار کر لیا ہے اور باقی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔صدر عبد ربہ منصور ہادی کی حکومت نے دارالحکومت صنعا پر ستمبر 2014ء￿  میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی شیعہ باغیوں کے قبضے کے بعد سے عدن کو عارضی دارالحکومت قرار دے رکھا ہے۔یمن میں جزیرہ نما عرب میں القاعدہ اور داعش سے وابستہ جنگجو ماضی قریب میں بھی متعدد مرتبہ عدن پر حملے کرچکے ہیں۔وہ حالیہ مہینوں کے دوران یمنی عہدے داروں اور سکیورٹی فورسز کو اپنے متعدد بم حملوں میں نشانہ بنا چکے ہیں۔عدن میں بد امنی کی وجہ سے صدر عبد ربہ منصور ہادی اور ان کی حکومت کے دوسرے اعلیٰ عہدے دار اپنا زیادہ تر وقت سعودی دارالحکومت الریاض میں گزار رہے ہیں۔