یمنی جنگ :ٹرمپ نے کانگریسی قرارداد کو ویٹو کردیا

واشنگٹن۔17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے کانگریس کی جانب سے یمن جنگ میں سعودی عرب کی حمایت کے خاتمے کیلئے منظور کی گئی قرارداد ویٹو کردی۔اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے ویٹو کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’ یہ قرارداد غیر ضروری اور میرے آئینی اختیارات کو کمزور کرنے کی خطرناک کوشش ہے جو آج اور مستقبل میں امریکی شہریوں اور سروس کے بہادر ارکان کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیتی‘۔خیال رہے کہ یہ دوسری مرتبہ ہے کہ ٹرمپ نے کانگریس کی جانب سے منظور شدہ قرارداد کو مسترد کردیا ۔

متحدہ عرب امارات کا خیرمقدم
خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات کے خارجہ امور کے وزیر مملکت انور قرقاش نے ٹرمپ کی جانب سے کانگریس کی یمنی جنگ سے متعلق قرارداد کو ویٹو کرنے کا خیر مقدم کیا ہے۔ قرقاش نے ٹرمپ کے اس فیصلے کو یمن کی جنگ میں شامل عرب اتحاد کیلئے مثبت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قرارداد کو ویٹو کرنے کا اہم فیصلہ بروقت اور اسٹریٹیجک نوعیت کا حامل ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل 16 اپریل کو ملکی کانگریس کی اْس قرارداد کو ویٹو کر دیا ہے، جس میں صدر سے کہا گیا تھا کہ وہ یمن کی جنگ میں سعودی عرب کی حمایت کا سلسلہ ترک کر دیں۔