یلاریڈی میں عہدیداروں کے بغیر گرام سبھا

یلاریڈی۔/28ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی مستقر کی گرام پنچایت احاطہ میں سرپنچ دیویندر کی زیر صدارت منعقدہ گرام سبھا میں مستقر پر آنے والے پانچ سالوں میں ترقیاتی کاموں پر رپورٹ تیار کی گئی۔ اس موقع پر سرپنچ دیویندر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر وارڈ میں دو ہزار میٹر سی سی روڈ اور دو ہزار میٹر تک ڈرین لائن تعمیرات کیلئے رپورٹ تیار کی گئی ہے۔ جس کی منظوری کے بعد آئندہ پانچ سال تک ان تمام ترقیاتی کاموں پر عمل آوری کی جائے گی۔ مستقر پر پینے کے پانی کی سہولت کو بھی مکمل طریقہ سے عمل میں لانے کیلئے پلان تیار کیا گیا ہے جس کے بعد عوام کو مستقبل میں پینے کے پانی کیلئے دشواری پیش نہیں آئے گی۔ گرام سبھا میں عوام سے مختلف شکایات وصول کی گئیں لیکن مستقر کے کسی بھی محکمہ کے عہدیدار گرام سبھا میں شرکت نہ کرنے پر عوام کو سخت مایوسی ہوئی۔ یلا ریڈی کے مختلف عہدیداروں کو شاید عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے جبکہ سرکاری دواخانہ یلاریڈی پر خاتون ڈاکٹر نہ ہونے سے خاتون مریضوں کو مشکلات پیش آرہی ہیں لیکن اعلیٰ عہدیداروں کو اس طرف توجہ کرنے کیلئے فرصت نہیں۔ گرام سبھا میں عہدیداروں کی عدم حاضری سے عوامی مسائل حل کئے جانے کے تیقنات کم نظر آئے۔ اس موقع پر سرپنچ نے ہی متعلقہ عہدیداروں کو مسائل کی طرف توجہ دلانے کا تیقن دیا۔ گرام سبھا میں پنچایت سکریٹری مسٹر پرکاش راؤ، گنگادھر ، پنچایت نائب سرپنچ وینکٹیشم، پنچایت ارکان میں محمد محی الدین، محمد یوسف علی، محمد شبیر، تروپتی اور دوسرے موجود تھے۔