یلاریڈی میں خاتون کی جراثیم کش دوا پی کر خودکشی

سسرال والوں پر جہیز کیلئے ہراسانی کا الزام، تحقیقات جاری

یلاریڈی۔/15 مئی ،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سسرال والوں کی ہراسانی سے تنگ آکر کیڑے مار نے والی دوا پی کر خودکشی کرنے کا واقعہ منڈل ناگی ریڈی پیٹ کے بیگاجم چیرو تانڈہ میں پیش آیا۔ سب انسپکٹر گوریندھر گوڑ کی تفصیلات کے مطابق یلاریڈی کے تما ریڈی تانڈا سے تعلق رکھنے والی جیوتی کی شادی تین سال قبل منڈل ناگی ریڈی پیٹ کے بیگاجم چیروتانڈا کے گنیش کے ساتھ انجام پائی۔ شادی کے وقت دو لاکھ 50ہزار روپئے نقد رقم کے ساتھ ساتھ دیگر ضروری اشیاء بھی دی گئی۔ ان دونوں کو دو سالہ بیٹا بھی ہے۔ کچھ دنوں سے شوہر گنیش ، ساس ، لکشمی ، خسر پولیا مزید جہیز کیلئے ہراساں کرنے لگے ۔ اس تعلق سے بڑے لوگوں نے پہلے بھی سمجھایا مگر 10 مئی کو دو لاکھ روپئے مزید لانے کا دباؤ ڈالتے ہوئے اسے لکڑی سے مارنے کا الزام ہے ۔ا س تکلیف کو برداشت نہ کرتے ہوئے جیوتی نے گھر میں موجود ترکاریوں کیلئے استعمال کی جانے والی کیڑے مار دوا پی لی ، جس پر اسے یلاریڈی کے ایک خانگی دواخانہ منتقل کیا گیا ۔پھر وہاں سے بہتر علاج کیلئے ضلع کریم نگر کے یلاریڈی پیٹ کے دواخانہ منتقل کیا گیا لیکن وہاں سے بھی گاندھی دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ منگل کو علاج کے دوران وہ فوت ہوگئی۔ متوفی کے بھائی دھراوت نوشا کی شکایت پر شوہر گنیش کے ساتھ ساتھ ساس خسر لکشمی ، پولیا کے خلاف جہیز ہراسانی کا مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس مزید تحقیقات کررہی ہے۔