یلاریڈی بس اسٹانڈ میں سڑک کی تعمیر

28 لاکھ روپئے کاتخمینہ، آر ٹی سی بس ڈپو منیجر پرشوتم کا بیان
یلاریڈی 30 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی مستقر پر آر ٹی سی بس اسٹانڈ احاطہ میں 28 لاکھ روپئے کی لاگت سے سی سی روڈ کی تعمیر کے لئے رپورٹ تیار کی گئی ہے۔ بانسواڑہ آر ٹی سی بس ڈپو منیجر مسٹر پرشوتم نے یلاریڈی بس اسٹانڈ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انھوں نے بتایا کہ بس اسٹانڈ احاطہ میں کرایہ کی ملگیات دیئے جانے سے ہر ماہ 40 ہزار روپئے سے زیادہ کرایہ وصول ہورہا ہے۔ اس موقع پر یلاریڈی منڈل پریشد صدر مسٹر گنگادھر نے منیجر سے کہاکہ بس اسٹانڈ میں مسافرین کے بیٹھنے کیلئے کوئی انتظام نہیں ہے اور نہ ہی پینے کے پانی کا کوئی نظم ہے۔ رات میں تاریکی رہتی ہے جس سے مسافرین کو مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس پر آر ٹی سی ڈپو منیجر نے کہاکہ سی سی روڈ کے ساتھ ساتھ بس اسٹانڈ کی توسیع کا کام بھی مکمل کیا جائے گا اور تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا تیقن دیا۔ اس موقع پر نائب سرپنچ وینکٹیشم، منڈل پریشد رکن محمد سخاوت علی اور دوسرے موجود تھے۔ واضح رہے کہ عرصہ دراز سے آر ٹی سی بس اسٹانڈ جہاں عوام کے لئے کوئی بنیادی سہولت دور تک نظر نہیں آتی جس سے مسافرین کو مشکلات پیش آتی ہیں اور کئی مرتبہ ڈپو منیجر نے اس طرح کے تیقنات دے چکے ہیں۔ لیکن کوئی عمل نہ ہوسکا۔ جبکہ مستقر کے بس اسٹانڈ احاطہ کی ملگیات سے ہر ماہ 40 ہزار روپئے کرایہ وصول ہونے کی بات منیجر ہی بتارہے ہیں کیا اچھا ہوتا کہ رقم ہر ماہ اسی بس اسٹانڈ کی ترقی کے لئے خرچ کی جاتی لیکن ایسا نہیں ہے۔