ہیگ میں ہندوستان کی جانب سے ’ گاندھی مارچ ‘ کا اہتمام

دی ہیگ 30 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اتوار کو نیدرلینڈکے دارالحکومت ہیگ میں تقریبا 1000 افراد بشمول مختلف ممالک کے 20 سفیروں نے ’ گاندھی مارچ ‘ میں حصہ لیا ۔ یہ مارچ مجوزہ بین الاقوامی یوم عدم تشدد کے سلسلہ میںمنعقد کیا گیا ۔ اس مارچ کے بعد اب حکومت ہند کی جانب سے2 اکٹوبر کو بیرونی ممالک میں گاندھی جی کی 150 ویں یوم پیدائش تقاریب کا بھی آغاز ہونے والا ہے ۔ ہیگ میں ہندوستانی سفارتخانہ نے یہ بات بتائی ۔ عدم تشدد مارچ میں شرکت کرنے والے پیس پیلس پر جمع ہوئے تھے جہاں بین الاقوامی عدالت انصاف قائم ہے ۔ نیدرلینڈ اسوسی ایشن آف ملیالی کی جانب سے شرکا کا خیر مقدم کیا گیا اور اونم ڈانسرس نے رقص کا مظاہرہ کیا ۔ہندوستانی سفیر برائے نیدرلینڈ وینو راجا مونی نے شرکا کا خیر مقدم کیا اوراس کے بعد مختصر تقاریر کے بعدمارچ کیا گیا ۔