ہینڈبیگز کے بغیر خواتین کا فیشن ادھورا ہوتا ہے

فیشن وقت کے ساتھ ساتھ بدلتا رہتا ہے ‘ایک وقت تھا جب بازاروں میں ہینڈ بیگز کی گنی چنی ورایٹی نظر آتی تھیں اور خواتین سیاہ ‘ سفید یا کریم کلر کے بیگز کا زیادہ استعمال کیا کرتی تھیں مگر اب فیشن میں جیسے جیسے جدت آئی ہے اسی طرح خواتین کے ہینڈ بیگز کی بھی کافی قسمیں سامنے آئی ہیں ۔

اب بازاروں میں ہر طرح کے ہینڈ بیگز دستیاب ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ اب خواتین اپنے کپڑوں اور اسٹائل کے مطابق ہینڈ بیگز کا انتخاب کرتی ہیں ۔ کچھ عرصہ پہلے تک ہینڈ بیگز کو زیادہ اہمیت نہیں دی جاتی تھی مگر اب ان کے بغیر فیشن ادھورا سمجھا جاتا ہے ۔ اس ضمن میں موتی ستارے سے مزین پرسوں نے بہت مقبولیت حاصل کی جبکہ اس زمانے میں جالی دار پرس بھی کافی پسند کئے جاتے تھے ۔ فیشن نے بہت جدت اختیار کی‘زمانہ بدلا خواتین موتیوں والے پرسوں کو زیادہ سراہنے لگیں ‘ بہت سی مالدار خواتین سونے کے موتیوں والے پرس بھی استعمال کرتی نظر آئیں نیز بیگ کا سائز بھی قدرے بڑا ہوگیا ۔ خواتین کیلئے کپڑوں کے ساتھ مہنگے پرس کا استعمال کرنا ایک فیشن بن گیا ۔آج ہینڈ بیگز خوبصورت و دیدہ زیب ڈیزائنوں اور مختلف سائز کے ساتھ بہ آسانی دستیاب ہیں ۔آج کل پاؤچ ‘ اوپر ‘ ویلوٹ ‘ ربن ‘ کومیسٹک ‘ شولڈر اور اسٹائلش لیدر پرس خواتین میں بیحد مقبول ہیں ۔ پرس منتخب کرتے ہوئے خواتین کو اپنی عمر اور لباس کو مدنظر رکھنا بہت ضروری ہے ۔ روزمرہ کے استعمال کیلئے سادہ پرس خریدیں نیز کسی ایسے کلر میں خریدیں جس کا استعمال آپ اپنے تمام ملبوسات کے ساتھ کرسکیں ۔ خواتین عام طور پر مختلف رنگوں کے پرس استعمال کرتی ہیں لیکن کسی مخصوص تقریب کیلئے اپنے کپڑوں کے ساتھ میچنگ پرس بھی خرید اجاسکتا ہے ۔