ہیرا گولڈ گروپ کی 30 جائیدادوں کی قرقی کی اجازت

حیدرآباد۔ 2 جون (سیاست نیوز) حکومت کے محکمہ قانون نے حیدرآباد سٹی پولیس کو ہیرا گولڈ گروپ کی 30 جائیدادوں کو قرق کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سرمایہ داروں کے ساتھ مبینہ دھوکہ میں ملوث ہیرا گولڈ گروپ مینیجنگ ڈائریکٹر نوہیرا شیخ کی گزشتہ سال گرفتاری کے بعد سی سی ایس پولیس نے 400 کروڑ روپئے مالیتی جائیدادیں جو کیرلا، نئی دہلی ، مہاراشٹر، تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں ہیں، کو قرق کرنے حکومت سے اجازت طلب کی تھی۔ تحقیقات کے دوران سی سی ایس نے پتہ چلایا کہ ہیرا گولڈ گروپ کی جملہ 80 جائیدادیں ہیں جو تجارتی علاقوں بشمول نئی دہلی، پونے، تھانے، باندرا، کرلا و ممبئی میں موجود ہیں۔ معلوم ہوا کہ نوہیرا شیخ و گروپ کے نام پر مختلف بینکوں میں 240 کھاتے ہیں ۔ پولیس نے ان اکاؤنٹس میں 25 کروڑ روپئے کے موجود ہونے کا پتہ لگایا ہے۔ پولیس قرق کی گئی جائیدادوں کے ہراج کے بعد سرمایہ کاروں کو ان کی رقومات واپس لوٹانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ای ڈی نے نوہیرا شیخ کو منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت گرفتار کرکے 7 دن تحویل میں پوچھ تاچھ کی تھی۔