ہوٹل ملازم کی مشتبہ موت

حیدرآباد /29 نومبر ( سیاست نیوز ) نامپلی کے علاقہ میں ایک ملازم مشتبہ طور پر ایسیڈ کے استعمال سے فوت ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ہفتہ وار چھٹی کے دوران پیش آئے اس واقعہ پر شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ تاہم عابڈس پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ عابڈس پولیس کے مطابق 30 سالہ آشیش مندرا جو مغربی بنگال کا متوطن نامپلی کی ایک ہوٹل کوالیٹی ان ریڈنسی میں ملازمت کرتا تھا اور اپنی ہوٹل کے تحت کمرے میں رہتا تھا ۔ 27 نومبر کو مندرا کی ہفتہ وار چھٹی کا دن تھا وہ معمول کی طرح اپنے کمرے میں موجود تھا کہ اچانک چیخ پکار کرتا ہوا کمرے سے باہر آیا ۔ اس کی حالت دیکھ کر تشویش کا شکار ذمہ داروں نے اسے فوری ہاسپٹل منتقل کیا جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق آشیش مندرا نے ایسیڈ کا استعمال کرلیا تھا پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔

اقدام خودکشی کرنے والی خاتون کی موت
حیدرآباد /29 نومبر ( سیاست نیوز ) میاں اور بیوی کے درمیان جھگڑے میں بیوی کی موت کا سبب بن گئے ۔ مشیرآباد پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ بھولک پور علاقہ کے ساکن محمد عقیل کی بیوی مبین بیگم نے مبینہ انتہائی اقدام کرلیا ۔ 24 نومبر کو اس خاتون نے مبینہ طور پر پھانسی لیکر خودکشی کی کوشش کی جس کو افراد خاندان نے ناکام بناتے ہوئے خاتون کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا جہاں علاج کے دوران وہ کل رات فوت ہوگئی ۔ مبین کے اس اقدام سے قبل میاں بیوی میں مبینہ طور پر جھگڑا ہوا تھا اور خاتون نے یہ اقدام کیا ۔ مشیرآباد پولیس نے یہ بات بتائی ۔ اور مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔