ہوم گارڈس کی تنخواہوں میں اضافہ کا تیقن

پولیس فورس کی طرز پر سہولتیں فراہم کی جائیں گی : وزیرداخلہ
حیدرآباد۔/29نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے ایوان کو تیقن دیا کہ حکومت ہوم گارڈز کی تنخواہوں میں اضافہ اور انہیں پولیس فورس کی طرح سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کرے گی۔ بی جے پی فلور لیڈر کشن ریڈی کی توجہ دہانی پر وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس کے تمام شعبہ جات کے قواعد میں یکسانیت پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ ساری پولیس فورس کیلئے ایک ہی طرح کے رولس ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہوم گارڈز کے ساتھ حکومت مکمل انصاف کرے گی۔ کشن ریڈی نے کہا کہ پولیس کے مختلف شعبوں میں علحدہ رولس کے سبب اُلجھن کی صورتحال ہے۔ حکومت کو چاہیئے کہ وہ تمام شعبہ جات کیلئے یکساں قواعد مدون کرے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی نامساعد حالات میں خدمات انجام دینے والے ہوم گارڈز کئی مسائل کا شکار ہیں انہیں اتوار کو تک تعطیل نہیں اور نہ ہی انہیں پی ایف اور ای ایس آئی جیسی سہولتیں حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں خانگی شعبہ کے ملازمین کو اس طرح کی سہولتیں موجود ہیں جبکہ سخت محنت کے ذریعہ فرائض انجام دینے والے ہوم گارڈز کو محروم رکھا گیا ہے۔ کشن ریڈی نے بتایا کہ ہوم گارڈز کی تنخواہیں بمشکل 9ہزار ہیں جو ناکافی ہیں۔ انہوں نے پانچ سال خدمات کی تکمیل کرنے والے ہوم گارڈز کو کانسٹبل کا درجہ دینے، ہفتہ واری چھٹی اور ڈیوٹی پر مرنے والے ہوم گارڈزکے پسماندگان کو ایکس گریشیا جیسی سہولتوں کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خاتون ہوم گارڈز سخت ڈیوٹی کے باعث کئی مسائل کا سامنا کررہی ہیں۔