ہواؤں کے جھکڑ سے طیارہ کا رخ موڑ دیا گیا

ٹورنٹو ۔ 31 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : ایرکینیڈا کا ایک طیارہ جو شنگھائی سے ٹورنٹو کی پرواز پر تھا تاہم پرواز کے دوران ہواؤں کے زبردست جھکڑوں کی وجہ سے 21 مسافرین زخمی ہوگئے اور بالاخر طیارہ کا رخ کلگری کی جانب موڑنا پڑا ۔ زخمی مسافرین میں تین بچے بھی شامل ہیں ۔ دریں اثناء ایمرجنسی میڈیکل سرویسیس ترجمان اسٹوارٹ برائیڈی نے بتایا کہ جن زخمی مسافروں کو کلگری ایریا ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا ان کی حالت مستحکم ہے ۔ طیارہ کو ہوا کے جھکڑوں کی وجہ سے جو جھٹکے لگے تھے اس سے مسافرین کی پیٹھ اور ناک زخمی ہوگئے ہیں ۔ ایرکینڈا کی خاتون ترجمان ایزابیل آرتھر نے بتایا کہ طیارہ میں 332 مسافرین اور عملہ کے 19 ارکان سوار تھے ۔ طیارہ نے کلگری میں بحفاظت لینڈنگ کی جب کہ اس وقت آتش فرو عملہ اور دیگر ہنگامی خدمات انجام دینے والوں کو بالکل چوکس رکھا گیا تھا ۔۔