ہند ۔ چین کو نیا باب شروع کرنا چاہئے: چینی قاصد

قیام ِعوامی جمہوریہ چین کے 68 سال کی تقریب سے خطاب
نئی دہلی۔ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چینی قاصد برائے ہندوستان لوو ژاؤہوئی نے کہا ہے کہ اب وقت آچکا ہے کہ ہندوستان اور چین باہمی تعلقات میں پرانی باتوں کو فراموش کرتے ہوئے نیا باب شروع کریں اور زور دیا کہ دونوں ملکوں کو باہمی سطح پر بہت کچھ پیشرفت کرنا ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ نے وزیراعظم نریندر مودی سے اس ماہ کے اوائل ژیامن میں منعقدہ برکس سمٹ میں ملاقات کی تھی اور دونوں قائدین نے ’’مصالحت‘‘ اور ’’تعاون‘‘ کا واضح پیام دیا تھا۔ چینی قاصد نے سمجھا جاتا ہے کہ یہ ریمارکس حالیہ ڈوکلم تنازعہ کے پس منظر میں کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پرانا ورق اُلٹ کر نیا باب شروع کرنا چاہئے اور ہمارے باہمی تعلقات کی رفتار اور سمت وہی ہونی چاہئے۔ جو کچھ بھی کرنا ہے، ہمیں مل کر کرنا چاہئے۔ ہمیں ایک اور ایک کو 11 بنانا چاہئے۔ چین، ہندوستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ باہمی سطح کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اُمور میں بھی ہم ابھی بہت کچھ پیشرفت کرسکتے ہیں۔ چینی قاصد عوامی جمہوریہ چین کے قیام کے 68 سال کی تکمیل پر خطاب کررہے تھے۔ ہندوستان اور چین جنہوں نے 1962ء میں جنگ لڑی، حالیہ دنوں میں ان کے درمیان تلخی پائی گئی اور علاقائی تنازعہ دونوں ملکوں کے درمیان بڑا مسئلہ رہا ہے۔