ہند ۔ پاک کے مابین مسائل کیلئے جنگ کوئی حل نہیں

دونوں ملکوں کے مابین تجارتی تعلقات پر توجہ دینے کی ضرورت : پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط
نئی دہلی 30 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ہائی کمشنر متعینہ ہندوستان عبدالباسط نے آج کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے مابین مسائل کیلئے جنگ کوئی حل نہیں ہے اور صرف بیوقوف لوگ ایسے امکان پر غور کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ دو دن قبل ہی پاکستان کے نیوکلئیر سائینسداں اے کیو خان نے کہا تھا کہ ان کا ملک صرف پانچ منٹ میں ہندوستان کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ باسط نے مزید کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ تمام مسائل بات چیت کے ذریعہ حل کئے جائیں اور دونوں پڑوسیوںکو چاہئے کہ وہ نتائج پر مبنی بات چیت میںحصہ لیں ۔ عبدالباسط نے ایک پروگرام میں سوال جواب کے دوران کہا کہ جنگ دونوں ملکوں کے مابین مسائل کا حل نہیں ہوسکتی ۔ صرف بیوقوف لوگ جنگ کو مسائل کا حل سمجھ سکتے ہیں۔ پاکستان کے پہلے نیوکلئیر ٹسٹ کی 18 ویں سالگرہ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اے کیو خان نے ہفتہ کو کہا تھا کہ ان کا ملک یہ صلاحیت رکھتا ہے کہ صرف پانچ منٹ میں ہندوستان کے دارالحکومت کو نشانہ بنایا جائے ۔ خان کے اس تبصرہ پر کئی حکمت عملی امور کے ماہرین نے کہا تھا کہ ہندوستان سارے پاکستان کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے لیکن نیوکلئیر ہتھیار جنگ کے ہتھیار نہیں ہوتے یہ صرف مزاحمت کیلئے ہوتے ہیں۔ ہندوستان و پاکستان کے مابین تعلقات کی مجموعی نوعیت کے تعلق سے اظہارخیال کرتے ہوئے عبدالباسط نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ بات چیت کا عمل بحال ہوگا کیونکہ ہمارے تمام مسائل کو صرف بات چیت کے ذریعہ ہی حل کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پٹھان کوٹ حملے کو پانچ ماہ گذر چکے ہیں لیکن ہنوستان و پاکستان کے مابین بات چیت کا عمل بحال نہیںہوا ہے ۔ پٹھان کوٹ حملہ کے تعلق سے پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ ان کی حکومت اس حملہ کی تحقیقات میں ہندوستان کی مدد کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس میں ہندوستان کی مدد کر رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ہم اس واقعہ کی تہہ تک پہونچ جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کئی مسائل کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر دونوں ملکوں کے مابین تجارت کو فروغ حاصل ہوتا ہے تو اس سے علاقہ میں بحیثیت مجموعی خوشحالی آئے گی ۔