ہند ۔ پاک کشیدگی، بین الاقوامی سرحد اور ایل او سی پر فوج ہائی الرٹ

جموں ،27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی جنگی طیاروں کی جموں میں فضائی حدود کی خلاف ورزی اور دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان رات بھر جاری رہنے والی گولہ باری کے بعد جموں وکشمیر میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر فوج اور بی ایس ایف کو انتہائی درجے کے الرٹ پر رکھا گیا ہے ۔ دریں اثنا جموں ، سری نگر، لیہہ اور پٹھان کوٹ میں واقع ہوائی اڈوں کو بھی ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی جنگی طیاروں کی جموں کے ضلع راجوری کے نوشہرہ سیکٹر اور پونچھ میں فضائی حدود کی خلاف ورزی اور دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان رات بھر جاری رہنے والی گولہ باری کے بعد بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر تعینات فوج اور بی ایس ایف ہلکاروں کو انتہائی درجے کے الرٹ پر رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سرحدی علاقوں کے تمام باشندوں کو گھروں میں ہی رہنے کی تلقین کی گئی ہے ۔ ادھر حکام نے راجوری اور پونچھ اضلاع میں کنٹرول لائن کے پانچ کلو میٹروں کے اندر اندر آنے والے علاقوں میں تمام سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کے احکامات صادر کئے ہیں اور بدھ کے روز ہونے والے تمام امتحانات کو ملتوی کیا گیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث سرحدی علاقوں کے لوگوں میں خوف ودہشت پھیلا ہوا ہے ۔