ہند ۔ پاک وزرائے خارجہ کی اچانک غیررسمی ملاقات

بشکیک ۔22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی کی بشکیک میں ہندوستانی ہم منصب سشما سوراج کے ساتھ غیر رسمی بات چیت ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سالانہ اجلاس کے لیے اس وقت کرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہیں۔اس دوران شاہ محمود قریشی اور سشما سوراج ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے ایک ہی وقت میں کانفرنس ہال پہنچے تو دونوں کے درمیان غیر رسمی بات چیت ہوئی۔آمنا سامنا ہونے پر دونوں وزرائے خارجہ نے رسمی طور پر ایک دوسرے کا حال احوال معلوم کیا۔اس حوالے سے ذرائع کا دعوی ہے کہ ہند ۔ پاک وزرائے خارجہ کے درمیان رسمی بات چیت کے دوران تعلقات میں بہتری اور دو طرفہ مذاکرات پر مختصر گفتگو ہوئی جبکہ دونوں رہنماؤں نے بھارتی انتخابات کے بعد رابطے کا عندیہ بھی دیا۔ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی نے سشما سوراج سے کہا کہ انتخابات کے بعد ہندوستانی رویے میں تبدیلی کی امید ہے جس کے جواب میں ہندوستانی وزیر خارجہ کہا کہ ‘بہتری ہی کی امید رکھنی چاہیے’۔