ہند ۔ سعودیہ دفاعی تعاون معاہدہ آئندہ ماہ

ریاض ، 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور سعودی عرب نے دفاعی تعاون معاہدہ پر آئندہ ماہ ولیعہد اور وزیر دفاع سلمان بن عبد العزیز کے دورۂ نئی دہلی کے دوران دستخط کی تمام تر تیاری کرلی ہے۔ وزیر فینانس پی چدمبرم نے یہاں ’عرب نیوز‘ کو انٹرویو میں کہا کہ دفاعی تعاون کیلئے مجوزہ یادداشت مفاہمت پر رواں سال فبروری میں کسی وقت کراؤن پرنس سلمان کے نئی دہلی کو دورے کے دوران دستخط کئے جائیں گے۔

مجوزہ دفاعی معاہدہ کے نتیجے میں دفاع سے متعلق معلومات کے مشترکہ استعمال اور تبادلے، ملٹری ٹریننگ اور تعلیم کے ساتھ ساتھ ہائیڈروگرافی اور سکیورٹی سے لاجسٹکس تک مختلف شعبوں میں تعاون کا موقع مل سکے گا۔ چدمبرم نے ہندوستان میں ٹیکس کاری مسائل کے بارے میں عالمی سرمایہ کاروں کے خدشات دور کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان مستحکم اور غیرمعاندانہ ٹیکس سسٹم کے علاوہ تنازعہ کی یکسوئی کا منصفانہ میکانزم رکھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستانی حکومت کی جانب سے ٹیکس کاری کے ضمن میں کئے جارہے اقدامات بہترین نوعیت کی بین الاقوامی روایات سے مطابقت میں ہیں۔