ہند ۔ بحرین تجارتی تعلقات پر اظہاراطمینان

بحرین میں میڈیکل اور پروفیشنل کالجس کے قیام میں مدد کا تیقن، ہندوستانی وفد کی وزیراعظم بحرین سے ملاقات
بحرین ۔ 8 اپریل (محمدنعیم وجاہت کی رپورٹ) نائب وزیراعظم بحرین شیخ خالد بن عبداللہ نے ہندوستان سے تجارتی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستانیوں کو بحرین میں میڈیکل کالجس کے علاوہ دوسرے پروفیشنل کورسیس کا آغاز کرنے پر مکمل تعاون کرنے کا تیقن دیا۔ آئی ٹی شعبہ کے فروغ میں حصہ داری نبھانے کا مشورہ دیا۔ انڈیا عرب فرینڈ شپ فاونڈیشن کے صدرنشین جبار پٹیل کی قیادت میں ہندوستانی وفد نے نائب وزیراعظم کی قیامگاہ پر ان سے ملاقات کی۔ وفد میں اراکین پارلیمنٹ محمد سلیم، پی گووردھن ریڈی، محمد فیصل انڈیا عرب فرینڈ شپ فاونڈیشن کے جنرل سکریٹری عتیق صدیقی کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ شیخ خالد بن عبداللہ نے ہندوستانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بحرین اور ہندوستان کے قدیم دوستانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کا تہذیب و تمدن بھی ملتا جلتا ہے۔ بحرین تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔ ہندوستان نے ہمیشہ بحرین سے تعاون کیا ہے۔ بحرین کی جملہ آبادی میں ہندوستانی آبادی کا تناسب 45 فیصد ہے اور وہ بحرین کی تمام شعبوں میں ترقی کیلئے مکمل تعاون و اشتراک پیش کررہے ہیں، جس پر وہ ہندوستانیوں سے اظہارتشکر کرتے ہیں۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں بحرین کی ترقی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بحرین میں سرمایہ کاری کے کافی اچھے مواقع ہیں، ہندوستان کے صنعتکاروں، تاجرین، ماہرین تعلیم، ماہرین آئی ٹی کی تجاویز کو قبول کیا جائے گا۔ سی پی آئی کے رکن پارلیمنٹ محمد سلیم نے اعلیٰ تعلیم بالخصوص پروفیشنل کورسیس کی تعلیم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہندوستانیوں کی بڑی تعداد بحرین میں قیام پذیر ہے۔ میڈیکل کالجس کے علاوہ دوسرے تعلیمی اداروں کا قیام وقت کا تقاضہ ہے۔ ہندوستانی عوام بحرین میں میڈیکل کالجس اور بڑے بڑے ہاسپٹلس قائم کرنے کیلئے تیار ہے جس کا ڈپٹی وزیراعظم بحرین نے خیرمقدم کیا۔ جبار پٹیل نے ہندوستان اور بحرین کی تجارت کو مزید فروغ دینے کیلئے شمالی ہند بالخصوص مغربی بنگال کے علاوہ دوسرے ریاستوں سے گلف ایرویز کی شروعات کرنے کا مطالبہ کیا اور ہندوستانی اشیاء کی بحرین کو منتقلی کیلئے کارگو چارجس میں کمی کرنے کا مشورہ دیا۔ شیخ خالد بن عبداللہ نے کہا کہ ہندوستان سے ترکاری، میوہ جات کے علاوہ ہالینڈ پہنچتی ہیں وہاں سے بحرین پہنچتی ہیں۔ ہندوستان سے راست بحرین کو ان اشیاء کی منتقلی کیلئے بہت جلد دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ کرنے سے بھی اتفاق کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے انہیں ہندوستان کا دورہ کرنے کا مشورہ دیا جس کو نائب وزیراعظم نے قبول کرلیا۔ بحرین میں آئی ٹی سیکٹر کے فروغ کیلئے ہندوستان سے تعاون طلب کیا اور بحرین کی جانب سے ہندوستانیوں کی سرمایہ کاری پر خیرمقدم کرنے کا وعدہ کیا اور ہر ممکن تعاون کرنے کا یقین دلایا۔ نائب وزیراعظم نے بحرین کی آزادی میں ہندوستان کے رول کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بحرین ہندوستان سے ہر معاملے میں تعاون و اشتراک کرنے کیلئے تیار ہے۔