ہند ۔ امریکہ سفارتی تنازعہ کی یکسوئی کی امید : خورشید

نئی دہلی 22 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ میں سینئر سفارتکار دیویانی کھوبر گاڑے کی گرفتاری سے پیدا شدہ تعطل کی جلد یکسوئی سے متعلق امید کا اظہار کرتے ہوئے وزیر خارجہ مسٹر سلمان خورشید نے کہا کہ ’ کچھ نہ کچھ ضرور ہوگا ‘ ۔ ہندوستان اور امریکہ کے مابین اس مسئلہ پر کوششں کا سلسلہ جاری ہے اور خود کھوبر گاڑے نے درخواست دائر کی ہے کہ انہیں مقدمہ سے قبل کے عمل میں لازمی شرکت سے استثنی دیا جائے ۔ ان کی درخواست پر کل فیصلہ ہوسکتا ہے ۔ امریکہ میں گرفتاری کے بعد کھوبر گاڑے کو اقوام متحدہ کو منتقل کردیا گیا ہے ۔ اس سوال پر کہ انہیں اس مسئلہ کی یکسوئی کی امید کس طرح ہے مسٹر سلمان خورشید نے کہا کہ دنیا آگے بڑھتی ہے ۔ دنیا کبھی رکتی نہیں ہے ‘ دنیا کبھی مرتی نہیں ہے ۔ کچھ نہ کچھ ضرور ہوگا ۔

ہند ۔ امریکہ تعلقات پر ان کے ریمارکس کے امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے خیر مقدم کئے جانے سے متعلق استفسار پر انہوں نے کہا کہ امریکہ کو عملی طور پر کچھ کرنا چاہئے صرف بیانات کا خیرمقدم کرنا کافی نہیں ہوگا۔ سلمان خورشید نے اپنے سابقہ بیان میں امریکہ کو ایک قابل قدر شراکت دار قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ دونوں ہی فریقین کو چاہئے کہ وہ اپنے تعلقات کو بچانے کی جدوجہد کریں۔ اس دوران ہندوستان میں امریکی سفارتکاروں اور ان کے افراد خاندان کو جاری کردہ مخصوص شناختی کارڈز کی واپسی کی جو مہلت دی گئی تھی وہ کل ختم ہونے والی ہے اور حکومت نے اس میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کھوبر گاڑے کی گرفتاری کے بعد ہندوستان نے امریکی سفارتکاروں کو دی جانے والی مراعات وغیرہ میں کمی کردی تھی ۔