ہند ۔آسٹریلیا ٹی 20 کا آج آخری مقابلہ

کلئین سوئپ پر مہمانوں کی توجہ ، آئندہ ورلڈ کپ کی تیاری
سڈنی ۔ 30 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی ٹیم اگرچہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ۔ 20 انٹرنیشنل کی تین میچوں پر مشتمل سیریز صفر کے مقابلے دو سے پہلے ہی جیت چکی ہے اس کے باوجود وہ کل یہاں کھیلے جانے والے تیسرے اور آخری ٹی ۔ 20میچ میں کامیابی کے ذریعہ کلین سوئپ ، پر توجہ مرکوز کرچکی ہے ۔ ہندوستانی ٹیم کو ونڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کے خلاف ایک کے مقابلے چار سے شکست ہوگئی تھی لیکن ایڈیلیڈ اور ملبورن میں شاندار کامیابی کے ساتھ وہ ٹی ۔ 20 سیریز میں صفر کے مقابلے دو سے ناقابل تسخیر سبقت حاصل کرچکی ہے ۔ چنانچہ کل سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر نیلی وردی والی ٹیم اپنے اس دورہ کی ایک اہم تاریخ بنانا چاہتی ہے ۔ اس کے کھلاڑی منیش پانڈے ونڈے میں اپنی کیرئیر کی پہلی سنچری بناتے ہوئے میچ جتانے والا کھیل کھیل رہے ہیں ۔ نئے کھلاڑیوں کو موقع دینا ہندوستانی ٹیم کے دورہ کی نمایاں خصوصیت تھی ۔ گرکیرت مان ، رشی دھون اور بارندر سارن کی پیشرفت بھی کافی مثبت ثابت ہوگئی کیونکہ ہندوستانی ٹیم 2017 ء کی چمپیئن ٹروفی اور 2019 ء کی ونڈے انٹرنیشنل ورلڈ کپ کیلئے تیاری پر توجہ مرکوز کرچکی ہے ۔ اسی مقصد کے مطابق رواں ۔ ٹی ۔ 20 میں جسپریت بھومر اور ہاردک پانڈیا بھی ٹیم کے منصوبوں کیلئے فائدہ بخش ہوسکتے ہیں۔ ورلڈ ٹی ۔ 20 اسکواڈ کے انتخاب کیلئے جب سلیکٹرس غور کریں گے تو بھومرا اور پانڈیا سنجیدہ دعویداروں کی حیثیت سے اُبھریں گے جو اپنے کھیل کے مظاہرہ سے پہلے ہی سب کو متاثر کرچکے ہیں۔ بہرحال ہندوستانی ٹیم پیر کو جب سڈنی سے وطن واپس ہوگی تو کل کے کسی بھی نتیجہ سے قطع نظر ہر صورت میں کامیابی اور خوشی محسوس کرتی رہے گی لیکن یہی بات آسٹریلیا کے بارے میں نہیں کی جاسکتی جو فی الحال ٹی ۔ 20 کے آخری میچ کے بجائے نیوزی لینڈ کے دورہ پر توجہ مرکوز کرے گی ۔ یہ بات بھی باعث تعجب ہے کہ ٹی ۔ 20 کے دوسرے میچ سے قبل ہی انھوں نے ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ جیسے کلیدی کھلاڑیوں کو روانہ کردیا تھا ۔ اب میتھو ویڈ ، جان ہیٹنگس اور کین رچرڈسن بھی پڑوسی جزیرہ کو روانہ ہوگئے ۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ٹی ۔ 20 فائنل میں کپتان آرون فنچ زخمی ہونے کے سبب ٹیم میں شامل نہیں رہیں گے ۔ چنانچہ بڑے پیمانے پر ردوبدل متوقع ہے ۔ شین واٹسن قیادت کریں گے ۔ خواجہ عثمان کو فائنل کیلئے کھیلنے والی اس ٹیم میں شامل کیا جائے گا ۔