ہند کو اُسی کی زبان میں جواب دیں گے : پاکستان

اسلام آباد ۔ 13 فبروری ۔( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے آج متنبہ کیا کہ کسی بھی نوعیت کی اشتعال انگیزی یا غلط مہم جوئی کی صورت میں وہ اُسی انداز میں ہندوستان کو جواب دے گا اور وزیر دفاع پی نرملا سیتارمن کے ریمارکس مسترد کردیئے کہ اسلام آباد جموں میں ملٹری کیمپ پر پیش آئے حالیہ مہلک دہشت گردانہ حملے کے پس پردہ کارفرما ہے ۔ پاکستان نشین جیش محمد کے انتہاپسندوں نے ہفتہ کو جموں کے سنجوان ملٹری کیمپ پر حملہ کرتے ہوئے سات افراد بشمول چھ سپاہیوں کو ہلاک کیا تھا۔ وزیر دفاع نرملا نے گزشتہ روز اس حملے کیلئے پاکستان کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام آباد کو اس ناعاقبت اندیشی کی قیمت چکانی پڑے گی ۔ نرملاکے ریمارکس کے جواب میں اُن کے پاکستانی ہم منصب خرم دستگیر خان نے آج کہا کہ اسلام آباد بھی ایسی صورت میں اُسی انداز میں جواب دے گا جو پڑوسی اختیار کرے گا ۔ انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ کوئی ٹھوس ثبوت کے بغیر پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانے کی روش اختیار کرنے کے بجائے ہندوستان کو پاکستان کے خلاف سرکاری سرپرستی کی جاسوسی کے بارے میں ہمارے سوالات کا جواب دینا چاہئے ۔ وہ ہندوستانی قیدی کلبھوشن جادھو کا حوالہ دے رہے تھے جسے دہشت گردی کے الزامات پر پاکستانی ملٹری کورٹ نے سزائے موت سنائی ہے ۔