ہند ونڈے سیریز، پریرا سری لنکا کے کپتان مقرر

کولمبو۔30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) تھسارا پریرا کو ہندوستان کے خلاف مجوزہ ونڈے سیریز کیلئے سری لنکائی ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے اور یہ آل راؤنڈر کا ونڈے کرکٹ میں کپتانی کا پہلا تجربہ ہو گا۔پریرا کو سابق کپتان اپل تھرنگا کی جگہ یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے جنہیں اینجلو میتھیوز کے مستعفی ہونے کے بعد ونڈے ٹیم کی قیادت سونپی گئی تھی تاہم ان کی زیر قیادت ٹیم کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی اور اب ان کا بطور کھلاڑی بھی مستقبل غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔سابق کپتان کی خراب کارکردگی کے سبب پریرا کو ہندوستان کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے تاہم یہ ہنوز واضح نہیں ہوئی کہ انہیں کتنے عرصے کیلئے یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔پریرا نے 2009 میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہیں اب تک 125 ونڈے، 6 ٹسٹ اور 63 ٹی ٹونٹی میچز میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔انہیں اس سے قبل ٹی ٹونٹی کرکٹ میں ٹیم کی قیادت کا اعزاز حاصل ہے اور گزشتہ ماہ پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں انہیں قیادت سونپی گئی تھی۔