ہند ، چین ، روس کا مشاورتی اجلاس

ایشیا۔ پیسیفک امور پر تینوں ملکوں کا غوروخوض، علاقائی مسائل پر توجہ
بیجنگ ۔ یکم ؍ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان، چین اور روس نے آج ایشیا ۔ پیسیفک امور کے بارے میں مشاورت کے اپنے پہلے دور کا انعقاد عمل میں لایا۔ ان امور میں علاقائی سلامتی، خطہ کے مختلف فورموں میں ارتباط، انسداد دہشت گردی اور دیگر علاقائی مسائل شامل ہیں۔ آج یہاں ہندوستانی سفارتخانہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق اس مشاورت میں وزارت امورخارجہ چین، وزارت امورخارجہ روس اور وزارت امورخارجہ ہند کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تینوں فریقوں نے ایشیا ۔ پیسیفک خطہ کی صورتحال کے بارے میں سیرحاصل غوروخوض گفتگو کی۔ ایشیا کے تئیں خارجہ پالیسی، خطہ کی سلامتی کے ڈھانچہ، مختلف فورموں کے اندرون تال میل، انسداد دہشت گردی اور دیگر اہم علاقائی مسائل پر تبادلہ  خیال کیا گیا۔ ایمبیسی کے بیان میں مزید کہا گیا کہ تینوں فریق مشاورت کا اگلا دور آئندہ سال منعقد کرنے کیلئے تیار ہیں۔
آسٹریلیا میں دہشت گردوں کی غیرمعینہ محروسی کا بل منظور
سڈنی ۔ یکم ؍ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا میں نہایت جوکھم اور نقصان والی دہشت گردانہ حرکتوں کے مرتکبین کو اب ان کی سزاء کی میعاد کی تکمیل کے بعد ہی جیل میں رکھا جاسکتا ہے، جو آج منظورہ قانون سازی کے تحت ممکن رہے گا، جو انتہاء پسندوں کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے موجود قوانین کو مزید تقویت پہنچاتا ہے۔ وزیراعظم مالکم ٹرنبل نے جولائی میں اس قانون سازی کیلئے پہل کی تھی جس کا پس منظر دنیا بھر میں بار بار پیش آنے والے حملے اور ان کی سنگین نوعیت ہیں۔ نئی قانون سازی اٹارنی  جنرل جارج برانڈیس کو یہ اختیار دیتا ہیکہ سزاء ختم ہونے سے 12 ماہ قبل سزاء کی میعاد میں توسیع چاہیں۔ اس کیلئے سپریم کورٹ کو مطمئن کرنا ہوگا کہ مجرم سے ناقابل قبول جوکھم درپیش ہے اور اسے سماج میں چھوڑ دیا جائے تو سنگین نوعیت کی دہشت گردی کی کوئی حرکت کا ارتکاب ہوسکتا ہے۔