ہند۔ آسٹریلیا کے درمیان تعلیم، زراعت، آئی ٹی شعبہ میں بہترین مواقع

اسٹارٹ اپ شعبہ میں دونوں ممالک کا باہمی تعاون، وفد کی چیف سکریٹری سے ملاقات

حیدرآباد۔/27 فروری، ( سیاست نیوز) ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تعلیم ، زرعی اور آئی ٹی شعبہ میں بہترین اور وسیع مواقع پائے جاتے ہیں۔ یہ بات چیف سکریٹری ریاست تلنگانہ ڈاکٹر ایس کے جوشی نے بتائی۔ آج یہاں سکریٹریٹ میں نارتھن ٹریژری آسٹریلیا کی وزیر تعلیم و محنت سلینہ اویو نے وفد کے ساتھ ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف سکریٹری ریاست تلنگانہ نے کہا کہ ہند اور آسٹریلیا کے درمیان مختلف شعبہ جات تعلیم، روزگار ، تربیت ، زراعت، سیاحت ،آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں پائے جانے والے مواقع کا استعمال ہونا چاہیئے اور اس کے لئے بہترین پالیسی تیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ہند۔ آسٹریلیا کے درمیان راست پروازوں کے آغاز کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے متعلق آسٹریلیا کے اشتراک سے عملہ کا تبادلہ کیا جانا چاہیئے اور اس شعبہ میں بھی بہت زیادہ مواقع پائے جاتے ہیں۔ وی ۔ ہب کے ذریعہ خواتین صنعتکاروں کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹارٹ اپ شعبہ میں آپسی تعاون کے مواقع پائے جاتے ہیں۔ صنعتوں کیلئے ضروری تربیت فراہم کرنے کی خواہش کی ۔ ٹیکنیکل ایجوکیشن کمشنر مسٹر نوین متل نے کہا کہ نرسنگ، اِسکل ڈیولپمنٹ، آن لائن ایجوکیشن جیسے شعبوں میں پائی جانے والی سہولیات اور موقع کا استعمال ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کو خصوصی اہمیت دی جارہی ہے اور چند شعبوں میں آسٹریلیا کے تعاون سے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سہولیات اور موقع کا استعمال کرنے کیلئے ایک مضبوط پالیسی تیار کرنی ہوگی اور اس کے لئے آسٹریلیا اور تلنگانہ کے درمیان تبادلہ خیال کیلئے پارٹنر شپ سمیٹ ضروری ہے۔ اس موقع پر آسٹریلیائی وزیر سلینہ اویو نے اس بات کا تیقن دیا کہ آسٹریلیا حکومت تلنگانہ کو مختلف شعبوں میں تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ، آفات سماوی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ، زراعت اور دیگر شعبوں میں ضروری پالیسی کو تیار کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ کے ساتھ معاہدہ طئے کرتے ہوئے باہمی اشتراک سے اہم شعبوں میں کام کرنے سے اتفاق کیا۔ اس موقع پر آسٹریلیا کے علاوہ تلنگانہ کے مختلف عہدیدار موجود تھے۔