ہند۔چین وزرائے کامرس کی مجوزہ ملاقات

بیجنگ۔31اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر چین ژی جن پنگ کے مجوزہ دورہ ہند سے قبل دونوں ممالک کے وزرائے کامرس کا اجلاس منعقد ہونے جارہا ہے جس میں ہندوستان میں کئی بلین ڈالرس کی چین کی سرمایہ کاری پیکیج کو قطعیت دی جائے گی ۔ وزیر کامرس نرملا سیتارامن کل بیجنگ پہنچ رہی ہیں ۔ وہ ہند۔چین جوائنٹ اکنامک ورکنگ گروپ کے اجلاس میں رکت کریںگی ۔ دونوں وزرائے کامرس 2ستمبر کو ملاقات کرتے ہوئے وسیع تر تجارتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ ہندوستان نے تجارتی تفاوت پر تشویش ظاہر کی تھی جسے چین دور کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے ۔ اس مقصد کے تحت ہندوستان میں سرمایہ کاری کیلئے پیکیج کو قطعیت دی جائے گی ۔ چین کے ساتھ ہندوستان کا تجارتی خسارہ جاریہ سال کے ابتدائی تین ماہ میں 8.84 رہا جب کہ مجموعی تجارت 21.98بلین ڈالرس کی رہی ۔ نرملا سیتارامن کا بحیثیت وزیر کامرس جائزہ لینے کے بعد یہ چین کا دوسرا دورہ ہے ۔ اس سے پہلے انہوں نے نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری کے ہمراہ ماہ جون میں چین کا دورہ کیا تھا ۔