ہند۔امریکی مشترکہ بیان میں کشمیر پر خاموشی، نواز شریف کا اظہارمایوسی

اسلام آباد ۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کشمیر میں ’’مظالم‘‘ کے بارے میں ہند ۔ امریکی مشترکہ بیان میں ’’مکمل خاموشی‘‘ پرا فسوس و مایوسی کا اظہار کیا اور اپنی وزارت خارجہ کو ہدایت کی کہ وہ اس وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ’’سرگرمی کے ساتھ اجاگر‘‘ کریں۔ نواز شریف نے وزارت خارجہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستان کے اطراف رونما ہونے والی حالیہ تبدیلیوں کے علاوہ علاقائی و عالمی سطح پر ابھرنے والے حالات کا جامع جائزہ لیا۔ انہوں نے بامقصد مذاکرات کے ذریعہ اس علاقہ میں امن و استحکام کے حصول کی اہمیت بیان کی۔ شریف نے پرامن پڑوسی اور مذاکرات کے ذریعہ تنازعات کی یکسوئی کے بارے میں اپنی ترجیحات کا اعادہ کیا۔