ہند۔افریقہ آج ونڈے سیریز کا آغاز

 

ڈربن۔31 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) کھلاڑیوں کے انتخاب میں خامی ، بیٹسمینوںکی ناقص کارکردگی اور جارحانہ انداز جیسی غلطیوں کو دور کرتے ہوئے ویراٹ کوہلی کی قیادت میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کل یہاں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ونڈے میں کامیابی کے ساتھ سیریز کا آغاز کرنے اترے گی ۔ہندوستان کو جنوبی افریقہ سے تین ٹسٹ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی شکست ہوئی لیکن آخری ٹسٹ میں جس طرح ہندوستانی ٹیم نے واپسی کرتے ہوئے 63 رنز کی کامیابی حاصل کی اس سے کھلاڑیوں کے حوصلے کافی بلند ہیں اور یقینا ونڈے سیریز میں بھی وہ اس کارکردگی کو برقرار رکھنے کی پوری کوشش کرے گی۔ مہمان ٹیم کا ونڈے میں ڈربن کے کنگس میڈ میدان پر ریکارڈ اچھا نہیں ہے لیکن ٹیم نے ونڈے میں گزشتہ دو سال میں شاندار کارکردگی پیش کی ہے اور اگر وہ جنوبی افریقہ کے خلاف چھ ون ڈے میچوں کی سیریز میں کامیابی حاصل کرلیتی ہے تو یہ اس کی مسلسل نویں سیریز کامیابی ہوگی اور اسی کے ساتھ درجہ بندی میں بھی وہ ٹسٹ کے بعد ونڈے میں دنیا کی نمبر ون ٹیم بن سکتی ہے ۔مہمان ٹیم کے لیے اگرچہ اس مرتبہ بیٹنگ میں میں اصلاح کی زیادہ ضرورت ہو گی۔ ہندوستانی ٹیم ٹسٹ سیریز میں کوہلی پر منحصر نظر آرہی تھی ۔ مڈل آرڈر میں مہندر سنگھ دھونی اورابتداء میں شکھر دھون اور روہت شرما اہم ہوں گے ۔ روہت نے گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف ونڈے میں تیسری ڈبل سنچری بنائی اور امید رہے گی کہ اس فارم کو وہ افریقی سرزمین پر دہرا سکیں۔ رہانے نے آخری ونڈے سیریز آسٹریلیا کے خلاف کھیلی تھی جس میں انہوں نے 55،70،53 اور61 رنز کی چار نصف سنچری اننگز کھیلی اور ٹیم کے ٹاپ اسکورر بھی رہے تھے ۔ر مڈل آرڈر میں منیش پانڈے ، دنیش کارتک، کیدار جادھو جیسے کھلاڑی بھی موجود ہیں۔ دھونی کی موجودگی ہمیشہ ٹیم کے لئے اہم ہوتی ہے ۔ ٹسٹ سیریز میں جہاں ہندوستانی بیٹنگ ناکام رہی وہیں بولروں نے بہتر مظاہرہ کیا اور یہاں کی وکٹوں کا بھرپور فائدہ اٹھایا ہے ۔بھونیشور کمار، محمد سمیع اور جسپریت بمراہ نے تین ٹسٹ میچوں میں 20 وکٹ حاصل کیے ہیں۔ مڈل آرڈر آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا بھی ہیں۔ اس کے علاوہ چائنامین گیندباز کلدیپ یادو اور یجویندر چہل نے گھریلو میدان پر کمال کی کارکردگی پیش کی۔ہندوستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف کبھی بھی دو ونڈے مقابلوں کی سیریزنہیں جیتی ہے ۔اس نے سال 11۔ 2010 میں 3-2 ، 07۔2006 میں 4-0 اور93۔1992 میں 5-2 سے سیریز گنوائی ہے ۔میزبان ٹیم کے اے بی ڈی ویلیرس زخمی ہونے کی وجہ سے ابتدائی تین میچوں سے باہر ہونے سے بھی ہندوستان کو فائدہ ملے گا۔حالانکہ کپتان فاف ڈو پلیسی، آل راؤنڈر کوئنٹن ڈی کاک، آئی پی ایل اسٹار جے پی ڈومنی اور اوپنر ایڈین مارکرام اہم ہوں گے جبکہ اکیگسو ربادا اور لوگی اینگدي پر وہ پھر سے اعتماد کرسکتی ہے جو ٹسٹ سیریز میں ہندوستانی بیٹسمینوں کے لئے دردسر بنے ۔