ہندوپاک کشیدگی: قریشی کی چینی ہم منصب سے فون پر بات چیت

بیجنگ ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیرخارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصب وانگ یی کو ایک ارجنٹ فون کال کرتے ہوئے ہندوپاک کے درمیان پیدا ہوئی موجودہ کشیدگی کے بارے میں بات چیت کی۔ چین کی وزارت خارجہ نے جمعرات کو یہ بات بتائی۔ بات چیت کے دوران مسٹر وانگ نے ہندوپاک کے درمیان امن بات چیت کے فروغ کیلئے چین کی کوششوں کا تذکرہ کیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک صبروتحمل سے کام لیں گے تاکہ خطہ میں حالات کو مزید کشیدہ نہ ہونے اپنے وعدہ کے پابند رہیں گے۔ یاد رہیکہ پاکستان کے اس دعوے کے بعد کہ اس نے ہندوستان کے دو لڑاکا طیاروں کو مار گرایا ہے اور ایک ہندوستانی پائلٹ کو گرفتار کیا ہے، قریشی کا فون کال اہمیت کا حامل ہے۔ شاہ محمود قریشی نے 27 فبروری کی شب کو اپنے چینی ہم منصب کو فون کیا تھا اور انہیں ہندوپاک سے متعلق موجودہ صورتحال سے واقفیت کروائی تھی جبکہ کچھ ہی دیر قبل وانگ یی نے ہندوستان کی وزیرخارجہ سشماسوراج سے بھی شخصی طور پر روس، ہندوستان، چین (RIC) وزرائے خارجہ کانفرنس میں شرکت کرتے ہوئے بات چیت کی تھی جو چین کے شہر ووژین میں منعقد کی گئی تھی۔